این اے 249 ضمنی الیکشن، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں ٹھن گئی، دونوں پارٹیاں آمنے سامنے آگئیں
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی الیکشن کیلئے پیپلز پارٹی نے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
این اے 249 کی سیٹ تحریک انصاف فیصل واوڈا کے استعفے کے باعث خالی ہوئی ہے۔ضمنی انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی نے دلچسپی لینے والوں کو ٹکٹ کیلئے ایک ہفتے میں درخواستیں تمام تر دستاویزات کے ساتھ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ درخواستیں بلاول ہاؤس کراچی اور پارٹی دفتر اسلام آباد میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے بھی امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ درخواستوں کے بعد پارلیمانی بورڈ حتمی امیدوار کا اعلان کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اس حلقہ سے مفتاح اسماعیل کو ٹکٹ دینے کا اعلان کررکھا ہے اور ن لیگ کی جانب سے اس بات کا عندیہ بھی دیا گیا تھا کہ مفتاح اسماعیل پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے مشترکہ امیدوار ہونگے ۔ تاہم اب اس سیٹ کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔