وہاڑی (احسان الحق سے) شیخ فاضل میں 16 سالہ اغواء شدہ لڑکی کو قتل کر کے نہر میں پھینکنے کا ڈرامہ رچانے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے 36 گھنٹے کی مسلسل محنت کے بعد ڈرامائی انداز میں مغویہ کو پھول نگر سے برآمد کر لیا۔
وہاڑی پولیس کے ترجمان کے مطابق 4 مارچ کو پولیس تھانہ شیخ فاضل کو 16 سالہ علیزہ کے اغواء کی درخواست موصول ہوئی جس پر فوری طور پر مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے مختلف مشکوک افراد سے پوچھ گچھ کی۔ اس دوران احمد عرف ابرار نامی شخص سے بھی تفتیش کی گئی جو لڑکی کو ڈھونڈنے کے لئے مدعی فریق کے ساتھ ساتھ موجود تھا۔ اس دوران احمد عرف ابرار کو شواہد ملنے پر دوبارہ حراست میں لیا گیا جس نے بتلایا کہ اس نے علیزہ نامی لڑکی کو قتل کر کے نہر میں پھینک دیا ہے۔ اس نشاندہی پر ریسکیو 1122 کے ذریعے نہر میں پانچ گھنٹے کا طویل سرچ آپریشن کیا گیا لیکن ڈیڈ باڈی نہ ملنے پر آپریشن کو ختم کر دیا گیا۔
ملزم سے دوبارہ تفتیش کرنے پر اس نے بتلایا کہ اس نے علیزہ کو کرایہ دے کر لاہور بھیج دیا تھا جس پر لاہور سے بھی پتہ جوئی کی گئی۔ تیسری دفعہ پھر ملزم نے بتلایا کہ لڑکی بھائی پھیرو موجود ہے جس پر پولیس کی ٹیم بھائی پھیرو پہنچی۔ پولیس کی ٹیم نے کامیاب کاروائی کر کے 16 سالہ علیزہ کو برآمد کر کے والد کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔