چیمپئنز ٹرافی میں اصل ہدف کرس گیل ہوں گے : سعید اجمل
ایبٹ آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ برطانیہ میں آئندہ ماہ ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں ان کا اصل ہدف ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل ہوں گے۔ تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ قومی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لئے کافی محنت کر رہی تاہم جس طرح کرس گیل ان دنوں کھیل رہے ہیں ،وہ لائق تعریف ہے، ہم کرس گیل کو زیر کرنے کے لئے ان کی بیٹنگ کی ویڈیوز سے مدد لے رہے ہیں کیو نکہ چیمپینز ٹرافی کے پہلے ہی میچ میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز کا سامنا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مثبت سوچ اور کامیابی کی امید کے ساتھ ایونٹ میں شرکت کے لئے جا رہی ہے،اپنے پیٹ کی تکلیف پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے تاہم وہ دورے کے دوران انگلینڈ میں ماہر ڈاکٹرز سے بھی مشاورت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایونٹ میں عمر گل اور شاہد آفریدی کی کمی محسوس کریں گے تاہم سلیکٹرز نے ایک متوازن ٹیم چنتے ہوئے اچھے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔