قطر میںمحمود عباس اورخالد مشعل کی ملاقات، مفاہمتی معاہدہ زیر بحث
دوحہ (ثناءنیوز)حماس کے سربراہ اور جلاوطن فلسطینی رہنما خالد مشعل اور فلسطینی اتھارٹی کے صدرمحمود عباس کی ملاقات گذشتہ روزقطر کے دارالحکومت میں شروع ہوئی۔ غزہ اور مغربی کنارے میں حکمران فلسطینی جماعتوں کے درمیا ن ماہ مارچ کے اواخر میں طے پانے والے معاہدے کے بعد اعلیٰ ترین رہنماوو¾ں کے درمیان یہ پہلی باضابطہ ملاقات تھی ۔فلسطینی اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق دوحا میں مذاکرات گذشتہ روز بعد از دوپہر شروع ہو ئے ۔ محمود عباس ایک روز پہلے امیر قطرشیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کیلیے دوحا پہنچے تھے۔بعد ازاں صدر محمود عباس کی حماس کے جلاوطن سربراہ خالد مشعل کے ساتھ سے ملاقات ہوئی۔ واضح رہے خالد مشعل پچھلے دوسال سے دوحا میں ہی مقیم ہیں۔ اس سے پہلے وہ شام میں قیام پذیر رہے، لیکن شام میں خانہ جنگی کے باعث دوحا منتقل ہو گئے۔فلسطینی جماعتوں کے ان اہم ترین رہنماوو¾ں کے درمیان اس سے پہلے مرسی کے دور صدارت میں جنوری 2013 کے دوران قاہرہ میں بھی ایک ملاقات ہو چکی ہے ۔ حماس کے ترجمان سامی ابو زہری کے مطابق ملاقات کا مقصد دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی معاہدے پر عمل درآمد پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔دونوں فلسطینی جماعتوں کے درمیان مفاہمتی معاہدے پر اسرائیل نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا جبکہ امریکا نے بھی ناخوشی کا اظہار کیا تھا۔ اس سے قبل دونوں جماعتیں طویل عرصہ تک مخاصمت کا شکار رہی ہیں۔ مفاہمتی معاہدے کے بعد مخلوط فلسطینی حکومت کے قیام کے علاوہ نئے پارلیمانی انتخابات بھی کرائے جائیںگے۔
