روس یوکرین پرفوجی حملہ نہیں کرے گا ،نیٹو کمانڈر
اوٹاوا(آن لائن)نیٹو افواج کے اعلیٰ ترین کمانڈر جنرل فلپ بریڈلوو نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ روس یوکرین پر حملہ کرے گا، اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے کریملن کے پاس اور بھی راستے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق بریڈ لوو نے کینیڈا کے شہر اوٹاوا میں خطاب کرتے ہوئے خیال ظاہر کیا کہ روس کے صدر ولادیمر پوٹن وہ سب کچھ کرتے رہیں گے جو وہ اب بھی کر رہے ہیں اور ان کے بقول وہ بدامنی پیدا کر رہے ہیں، یوکرین کی حکومت کو نااہل تصور کرتے ہوئے علیحدگی پسند تحریک کو ہوا دے رہے ہیں۔انھوں نے پیش گوئی کی کہ ماسکو سرحد پار فوج بھیجے بغیر مشرقی یوکرین میں اپنا اثرورسوخ برقرار رکھے گا۔نیٹو کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ انھیں یقین ہے کہ روس کی اسپیشل فورسز یوکرین میں موجود ہیں۔ لیکن انھوں نے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ ان ہی فورسز نے گزشتہ ہفتے یوکرین کے تین ہیلی کاپٹر مار گرائے تھے یا نہیں۔قبل ازیں پیر کو باغیوں کے زیر قبضہ مشرقی شہر سلوویانسک میں یوکرین کی فورسز اور روس نواز علیحدگی پسندوں کے درمیان مسلح جھڑپ ہوئی۔ یہ لڑائی علیحدگی پسندوں کی طرف سے جنوبی ساحلی شہر اوڈیسا میں ایک پولیس اسٹیشن پر دھاوا بولنے کے بعد ہوئی۔یوکرین کی سکیورٹی فورسز کی ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ سلوویانسک میں اس لڑائی کے دوران چھ افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہوئے۔
روس کی خبر رساں ایجنسی ”نٹرفیکس“نے علیحدگی پسندوں سے منسوب خبر میں کہا کہ مرنے والوں کی تعداد 20 یا اس سے زیادہ ہے اور ان کا تعلق روس نواز جنگجووں سے ہے۔
