پورٹ قاسم پر کول پاور پراجیکٹ روشن پاکستان کی طرف قدم ہے

پورٹ قاسم پر کول پاور پراجیکٹ روشن پاکستان کی طرف قدم ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)پورٹ قاسم پر کول پاور پراجیکٹ کے لیے کھدائی کا آغاز روشن پاکستان کی طرف امیدافزا قدم اور پاک چین دوستی کا واضح ثبوت ہے۔ پیاف نے خوشحال پاکستان کے لیے اٹھنے والے ہر قدم کا ہمیشہ بھرپور طریقے سے خیر مقدم کیا اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ پیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید اور سینئر وائس چیئرمین خامس سعید بٹ نے کہا ہے کہ توانائی کا بحران موجودہ حکومت کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ حکومت بحران کو ختم کرنے کے لیے ملکی وسائل اور دوست ممالک کے اشتراک و تعاون سے بھرپور جدوجہد کررہی ہے۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ پورٹ قاسم پر کول پاور پراجیکٹ کے پہلے یونٹ سے 1320میگاواٹ بجلی ملے گی جو کمی کا فرق کم کرنے میں بڑی مدد دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں جنہیں بعد اعتراضات اور سابق حکومت کی نا اہلیوں کی کی وجہ سے استعمال میں نہیں لایا جاسکا۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ بعض حلقوں کی طرف سے کہا گیا کہ پاکستان کا کوئلہ توانائی پیدا کرنے کے لیے موزوں نہیں۔ اُن سے یہ کہا گیا کہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے عمل سے ماحول پر بُرے اثرات مرتب ہونگے۔ پیاف کے چیئرمین نے کہا کہ اس اعلان نے تمام خدشات کو ختم کردیا ہے کہ پورٹ قاسم پر نصب ہونے والا کول پاور پراجیکٹ ماحول دوست ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے متعدد بڑے ملک توانائی کا بڑا حصہ کوئلے سے پیدا کررہے ہیں۔ ہمسایہ ملک انڈیا ضرورت کا ایک تہائی حصہ کوئلے سے پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے امن و امان اور توانائی کے مسائل پر قابو پا لیا تو سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لحاظ سے پاکستان جنت نشان بن جائے گا۔ پیاف کے چیئرمینوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف پر زور دیا ہے کہ کول پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے عمل کو کھدائی کے بعد تاخیر کا شکار نہ ہونے دیا جائے بلکہ تسلسل برقرار رکھا جائے ۔ ملک کو چونکہ بجلی کی شدید قلت کا سامنا ہے اس لیے مہینوں کا کام دنوں میں مکمل کرایا جائے۔ پیاف کے چیئرمینوں نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر پر بھی کام شروع کرادیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بجلی حاصل کی جاسکے اور پاکستان میں صنعتکاری کا نظام پوری آب و تاب سے رواں دواں ہوسکے۔

مزید :

کامرس -