ساتویں انڈین پریمیئر لیگ میں آج دو میچ کھیلے جائینگے
نئی دہلی(اے پی پی) انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں (آج) بدھ کو مزید دو میچ کھیلے جائینگے۔ آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایونٹ میں (آج) بدھ کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں دہلی ڈیئر ڈیولز کا مقابلہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے فیروز شاہ کوٹلہ، نئی دہلی میں ہوگا یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ لیگ کا بدھ کو دوسرا میچ کنگز الیون پنجاب اور چنائی سپر کنگز کی ٹیمیں کے درمیان کٹک میں کھیلا جائیگا جو کہ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ مختصر فارمیٹ کے ایونٹ میں شامل 8 ٹیمیں جن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز، دہلی ڈیئر ڈیولز، کنگز الیون پنجاب، سن رائزرز حیدرآباد، ممبئی انڈینز، راجستھان رائلز، چنائی سپر کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلور ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزما ہیں۔ واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈینز کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے۔ ایونٹ کا فائنل یکم جون کو کھیلا جائے گا۔
