جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والے قوم کے مسائل حل نہیں کر سکتے، ارشد مصطفائی
لاہور( جنرل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما ارشد مصطفائی نے کہا موجودہ ملکی حالات مارشلء کی جانب جارہے ہیں ،جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والے قوم کے مسائل حل نہیں کر سکتے۔وطن عزیز میں اینٹی پاکستان ایجنڈا نہیں چلنے دیں گے ،قوم بارود والوں سے نجات کیلئے درودوالوں کا ساتھ دے ،اب نظام مصطفیﷺ ہی ملک بچا سکتا ہے ،آسام میں بھارتی مسلمانوں کا قتل قابل مذمت ہے ،پاکستانی زائرین کو اجمیر شریف کے عُرس میں شرکت کے لیے ویزہ دینے سے بھارتی انکار قابل مذمت ہے حالانکہ پاکستان بھارتی سکھوں اور ہندوؤں کو مقدس مقامات پر حاضری دینے کے لیے نہ صرف ویزے دیتا ہے بلکہ انہیں سکیورٹی بھی فراہم کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے ٹی آئی ضلع لاہور کے زیر اہتما م صفہ تربیتی ورکشاپ سے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ورکشاپ سے اے ٹی آئی پنجاب کے جوانئٹ سیکریڑ ی سید بو علی شاہ ،ناظم ضلع رانا نعمان افصل ،حافظ فضل رسول ربانی نے بھی خطاب کیا
،ارشد مصطفائی نے کہا صوفیا کے ماننے والے نظام مصطفیﷺ کی جہد وجہد تیز کر دیں ، بھارت نے خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے عُرس میں شرکت کے لیے پاکستانی زائرین کو ویزے نہ دے کر اسلام اور پاکستان دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ملک کو مادر پدر آزاد نہیں ذمہ دار میڈیا کی ضرورت ہے۔ حکومت نے دفاعی اداروں کا دفاع نہ کر کے قوم کو مایوس کیا ہے۔ ملک بیرونی خطرات اور اندرونی انتشار کا شکار ہے۔ بیرونی خطرات کے مقابلہ کے لیے اندرونی اتحاد ضروری ہے۔ حکومت کا فوج مخالف حلقے کی طرف جھکاؤ افسوسناک ہے۔ وزیراعظم اور ان کے وزراء فوج کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا لطف اٹھاتے ہیں۔وزیر اعظم نے دفاعی اداروں کے وقار کے تحفظ کیلئے کو عملی قدم نہیں اٹھایا ،انہوں نے کہا حکومت کو ایسے ظالمان سے مذاکرات نہیں کرنے چاہئیں جن کے ہاتھ پانچ ہزار فوجی افسروں اور جوانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔بے لگام لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی عذاب بنا دی ہے،جمہوریت کے نام پر لوٹ مار جارہی ہے ،عوام کے بے بسی اور حکمرانوں کی بے حسی کی انتہا ہوگئی ہے،ملک میں 12اکتوبر جیسے حالات پیدا کیے جا رہے ہیں ،دہشت گردوں سے مذاکرات کی افادیت ختم ہو چکی ہے۔ طالبان اپنی بقاء کے لیے حکومت سے مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہے ہیں۔ دفاعی اداروں کا میڈیا ٹرائل ملک دشمنی ہے۔ پاک فوج کے ساتھ عوامی محبت کی لہر نے ملک دشمنوں کی آنکھیں کھول دی ہیں۔ مخالفین فوج نفرت کی علامت بن چکے ہیں اور غداران وطن کے چہرے بے نقاب ہو گئے ،بہت جلد حکومت مخالف بڑا اتحاد متوقع ہے ۔
