نواز شریف اور راحیل شریف اس وقت پاکستان کی ضرورت ہیں ، میاں زاہد حسین

نواز شریف اور راحیل شریف اس وقت پاکستان کی ضرورت ہیں ، میاں زاہد حسین

کراچی(اکنامک رپورتر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینیئر وائس چےئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نئے اورمستحکم پاکستان کے معمار ہیں۔ وزیر اعظم کے خلاف احتجاج معاشی ترقی کے عمل اور اقتصادی راہداری جیسے عظیم منصوبے کو متاثر کر رہا ہے جس کا اظہار ورلڈبینک نے بھی اپنی حالیہ رپورٹ میں کیا ہے ۔ جبکہ جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ سے اقتصادی دہشتگردی اور بدامنی کے خلاف انکا ایجنڈا جسے عوام کی بھرپور تائید حاصل ہے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ میاں زاہد حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ملک و قوم کے مفاد میں جنرل راحیل شریف کم از کم 2018 کے آخر تک ملازمت جاری رکھیں تاکہ ملک سے دہشت گردی اور بد امنی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ ڈی جی رینجرزسندھ میجر جنرل بلال اکبربھی اسی ٹیم کا حصہ ہیں جس کی کوششوں سے پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کی رونق طویل مدت بعد بحال ہوئی ہے ۔

اور کاروباری برادری کا اعتماد بڑھا ہے جس کا اثر معیشت پر پڑ رہا ہے۔کراچی میں رینجرز کے قیام کی مدت میں 77 دن کا اضافہ خوش آئند مگر انتہائی ناکافی ہے۔ کراچی کے مکمل پر امن ہونے اور پولیس کے سیاست سے پاک ہونے تک اس ادارے کی موجودگی ضروری ہے ورنہ عوام اور کاروباری برادری کے مورال پر منفی اثر پڑے گا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ سربراہِ حکومت اور فوج کے سربراہ طویل عرصہ کے بعد ایک صفحے پر ہیں جس سے ملک کی دگرگوں حالت بہت بہتر ہو رہی ہے۔ چند سال قبل پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا اندیشہ تھا جبکہ دنیا بھر کی بڑی کمپنیوں نے اس ملک سے کاروبار بند کر دیا تھا جبکہ اب صرف ایک ملک چین 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ کچھ عرصہ کے اندر اندربدامنی کیلیئے مشہور ملک جسکے دیوالیہ ہونے کی پیشنگوئیاں عام تھیں کی حالت بہت بہتر ہو گئی ہے جسکا اعتراف بائیس غیر ملکی اداروں نے کیا ہے اسکا کریڈٹ وزیر اعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف دونوں شخصیات کو جاتا ہے۔ ان حالات میں دونوں میں سے کسی ایک شخصیت کا بھی قومی منظر نامہ سے پس منظر میں جاناملک و قوم کیلیئے ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...