ٹیوٹانے ہالہ انٹرپرائزز کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر لئے
لاہور (کامرس رپورٹر) ٹیوٹانے تولیہ سازی کی صنعت کوافرادی قوت کی فراہمی کیلئے ہالہ انٹرپرائزز کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر لئے ہیں۔ معاہدے کے مطابق تین ماہ دورانیہ کے کلاتھ رپئیرنگ ، وویورز ٹریننگ، فٹر ٹریننگ کے شارٹ کورسز متعارف کروائیں جائیں گے۔اس معاہدے کا مقصد تولیہ سازی کی صنعت کوماہر افرادی قوت فراہم کرنا ہے۔چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اورچیئر مین ہالہ انٹرپرائزز طاہر جہانگیر نے مفاہمتی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کئے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ، ایم ڈی ہالہ انٹرپرائزز جیلانی جہانگیر، پروڈکشن منیجرہالہ انٹرپرائزز ریاض احمد، سیکرٹری فضل الرحمان ،ٹیوٹا افسران اختر عباس بھراوانہ، اظہر اقبال شاد، عامر عزیز، عاطف طفیل اور دیگر موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے معاہدے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہالہ انٹرپرائزز کے تعاون سے ہنر مند افرادی قوت تیار کی جائے گی۔تھیوریٹیکل ٹریننگ ٹیوٹا ادارے میں جبکہ پریکٹیکل ٹریننگ ہالہ انٹرپرائزز کی فیکٹری میں منعقدہوگی۔تین ماہ دورانیہ کے ان شارٹ کورسز میں سالانہ 6سو نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔دوران ٹریننگ کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی جبکہ ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔پنجا ب بورڈ آف ٹیکنکل ایجوکیشن امتحان کا انعقاد کرے گا جبکہ ٹیوٹا سرٹیفکیٹ جاری کرے گی۔ چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ انڈسٹری کیلئے ماہر افراد ی قوت کی روز بروز ڈیمانڈ بڑھتی جا رہی ہے ۔ ٹیوٹا کے ساتھ شروع کئے جانے والے کورسز سے تولیہ سازی کی صنعت میں ماہر افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ہالہ انٹرپرائزز ٹیوٹا اساتذہ کو ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے ماسٹر ٹرینرز فراہم کرے گی۔ہالہ انٹرپرائزز زیر تربیت نوجوانوں کیلئے آن جاب ٹریننگ کا بندوبست کر ے گی۔ہالہ انٹر پرائزز کے تعاون سے کورس میں کامیاب نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کرے گی۔