سید احمد شہید ہندوستان میں اسلامی حکومت کی بحالی کیلے کوشاں رہے،رفیق تارڑ

سید احمد شہید ہندوستان میں اسلامی حکومت کی بحالی کیلے کوشاں رہے،رفیق تارڑ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (خبر نگار خصوصی) تحریک پاکستان کے مخلص کارکن ، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے کہا ہے کہ سید احمد شہیدؒ کا محبوب ترین نصب العین ہندوستان میں اسلامی حکومت کی بحالی اور شرعی نظام کا نفاذ تھا۔ سید احمد شہیدؒ و دیگر مشاہیرتحریک آزادی کی قربانیوں کا نتیجہ پاکستان کی صورت میں سامنے آیا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو ایک ایسی اسلامی فلاحی جمہوری مملکت بنائیں جو پوری دنیا کیلئے ایک مثال ہو۔مشاہیر تحریک آزادی کی حیات و خدمات کو نصاب تعلیم کا حصہ بنایا جائے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں تحریک آزادی کے نامور مجاہد سید احمد شہیدؒ کے یوم شہادت کے موقع پر منعقدہ خصوصی نشست سے اپنے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک ،نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔ حافظ محمد سلیمان نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ الحاج اختر حسین قریشی نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔ نشست کی نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیے۔محمد رفیق تارڑ نے کہا یہ افسوس کی بات ہے کہ ہماری نئی نسل کو مشاہیر کی حیات و خدمات سے متعارف نہیں کروایا جا رہا اور نہ ہی نصاب تعلیم میں ان مشاہیر کا کوئی ذکر ملتا ہے ۔ ان مشاہیر اور انکے کارناموں کی ایک لمبی لائن ہے جس کی مثال دوسری کسی قوم میں نہیں ملتی ہے۔۔انہوں نے کہا کہ سید احمد شہیدؒ نے جس دور میں آنکھ کھولی‘تب ہندوستان پر مغل حکمرانی کا آفتاب غروب ہو رہا تھا۔ انگریز پورے برصغیر پر نظریں جمائے ہوئے تھے تو سکھوں کا مہاراجہ رنجیت سنگھ پنجاب پر مسلط ہوچکا تھا۔ اُنہوں نے مسلمان نوابوں‘ امراء اور سپہ سالاروں سے رابطے کئے تاکہ دینِ اسلام کی نشأۃ ثانیہ کا آغاز کرسکیں۔ آپ نے ہندوستان کے مختلف علاقوں کے دورے کئے۔ آپ کے جانثار ساتھیوں شاہ اسمٰعیل شہید اور مولانا عبدالحئی نے اس اہم اسلامی فریضے کی اہمیت اور فضیلت کچھ اس طرح لوگوں کے ذہنوں میں بٹھا دی کہ وہ اللہ تبارک و تعالیٰ کی راہ میں جان و مال قربان کردینے کو عین سعادت سمجھنے لگے شاہد رشید نے کہا کہ سید احمد شہیدؒ نے بے سروسامانی کے باوجود ہندوستان میں اسلامی حکومت بحال کرنے کا بیڑا اٹھایا اور مسلمانوں میں اسوۂ حسنہ کے مطابق زندگی بسر کرنے کی تڑپ پیدا کی ۔