ملت اسلامیہ کے مسائل کا حل باہمی اتحاد ہے،طاہر محمود اشرفی

ملت اسلامیہ کے مسائل کا حل باہمی اتحاد ہے،طاہر محمود اشرفی

لاہور(خبر نگار خصوصی)ملت اسلامیہ کے مسائل کا حل باہمی اتحاد اور اسلامی ممالک میں ہونے والی بیرونی مداخلتوں کو ختم کرنا ہے۔ شام ،عراق میں بے گناہ انسانیت کے قتل عام کی وجہ روس اور ایران کی مداخلت ہے ، داعش ظالموں کی مددگار ہے ۔ سعودی عرب کی حکومت نے داعش کی مکۃ المکرمہ میں دہشت گردی کی سازشوں کو ناکام بنا کر داعش کی اسلام اور مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کو بے نقاب کیا ہے یہ بات پاکستان علماء کونسل لاہور کے زیر اہتمام لبرٹی مارکیٹ گلبرگ لاہور میں ہونے والی ندائے مسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی ۔ کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شام میں بے گناہ انسانیت کے قتل عام پر پوری دنیا نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے عالم اسلام شام، عراق کی صورتحال پر اپنا کردار ادا کرے اور استنبول میں ہونے والی اسلامی سر براہی کانفرنس کی قراردادوں کیمطابق شام کا مسئلہ حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو پاکستان سمیت تمام عرب ممالک سے اپنے تعلقات کو بہتر کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ ۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الحمید وٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو فرقہ اور گروہ بندی میں تقسیم کرنے والے ہی امت کے دشمن ہیں ، جو قوتیں شام ، عراق ، یمن کے بعد پاکستان اور سعودی عرب میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں وہ جان لیں کہ ان شاء اللہ اب ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا ۔کانفرنس سے مولانا محمد مشتاق لاہوری ، مولانا عبد القیوم فاروقی ، مولانا محمد اسلم قادری ، مولانا اسلام الدین ، قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا شمس الحق، مولانا حسین آزاد، مولانا زبیر زاہد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1