اورنج لائن ٹرین کے متاثرہ شخص نے دلبرداشتہ ہو کر خود کو گولی مار لی

اورنج لائن ٹرین کے متاثرہ شخص نے دلبرداشتہ ہو کر خود کو گولی مار لی

لاہور(وقائع نگار)نواب ٹاؤن کے علاقہ میں اورنج لائن ٹرین کے متاثرہ28سالہ شخص نے دلبرداشتہ ہو کر خود کو گولی مار لی ،ہسپتال میں حالت تشویشناک ،پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔پولیس اور خودکشی کی کوشش کرنے والے شخص کے اہل خانہ کے مطابق علی ٹاؤن کا رہائشی عبد القدیر 2بچوں کا باپ ہے اور پراپرٹی کا کام کرتا تھا ۔اس نے پراپرٹی کا دفترٹھوکر نیاز بیگ میں بنایا جو کہ وہاں اوور ہیڈ برج بننے کی وجہ سے حکومت نے گرا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں اس نے قرض لیکر ایک عمارت بنائی جس کے ایک پورشن میں اس کا دفتر تھا جبکہ باقی دو پورشن اس نے کرایہ پر دئے تھے لیکن اس بار یہ عمارت اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ کی زد میں آ گئی ۔حکومت کی جانب سے عبد القدیر کو 28 لاکھ روپے دئے گئے لیکن اس پر قرض بہت زیادہ تھا جس کی وجہ سے وہ اکثر پریشان رہتا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ اسی پریشانی میں اس نے گزشتہ روز صبح 9بجے کے قریب پستول سے اپنے سر میں گولی مار لی ۔گھر والوں نے زخمی کو قریبی ہسپتال میں منتقل کیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

 

مزید : علاقائی