وزیراعلٰی شہباز شریف نے اربوں روپے کے تاریخی رمضان پیکیج کی منظوری دیدی

وزیراعلٰی شہباز شریف نے اربوں روپے کے تاریخی رمضان پیکیج کی منظوری دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(اے این این ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ کے عوام کو رمضان المبارک کے دوران ریلیف کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے تاریخی رمضان پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔و زیر اعلیٰ نے رمضان پیکیج کی منظوری آج یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان پیکیج کے تحت عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر 5 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی جس کے تحت رمضان بازاروں میں 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 290 روپے میں دستیاب ہو گا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 310 روپے میں اور 20 کلو گرام کا تھیلا 620 روپے میں ملے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران پنجاب بھر میں 330 رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 25 ماڈل بازار بھی رمضان بازار کے طور پر کام کریں گے۔رمضان المبارک کے دوران 2 ہزار دسترخوان بھی لگائے جائیں گے۔رمضان بازاروں کا آغاز 3 جون سے کیا جائے گااوررمضان بازار صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔ متعلقہ ایسوسی ایشنز چینی ، گھی، مرغی کا گوشت اور انڈے سستے داموں رمضان بازاروں میں فراہم کریں گی اوررمضان بازاروں میں چینی، گھی اور چکن عام مارکیٹ سے 10 روپے فی کلو گرام کے حساب سے سستے ملیں گے۔دوسری طرف پنجاب حکومت اور استنبول واٹر اینڈ سیوریج ایڈمنسٹریشن کے مابین معاہدے پر دستخط ہوئے ۔معاہدے کے تحت ترکی کا ادارہ پنجاب کے پانچ شہروں لاہور، راولپنڈی ، ملتان ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں واسا کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون کرے گا۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ معاہدے پر دستخط کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔پنجاب حکومت کی جانب سے معاہدے پر سیکرٹری ہاؤسنگ سہیل شہزاد جبکہ استنبول واٹر اینڈ سیوریج ایڈمنسٹریشن کے جنرل ڈائریکٹر ڈاکٹر درسن ایتلاآلتیا نے دستخط کئے۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور ترکی کے ادارے واٹر اینڈ سیوریج ایڈمنسٹریشن کے مابین واسا کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے تعاون کا معاہدہ خوش آئند ہے ۔استنبول واٹر اینڈ سیوریج ایڈمنسٹریشن استنبول کا فراہمی و نکاسی آب کا ادارہ ہے جس کے سربراہ استنبول کے میئر قادر توپباش ہیں ۔ اس ادارے کو فراہمی و نکاسی آب میں مہارت اور وسیع تجربہ حاصل ہے اور یہ استنبول کے شہریوں کو اس حوالے سے بہترین خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ہم اپنے پانچ شہروں کے واسا کے اداروں کی استعداد کار ترکی کے اس ادارے کی معاونت اور ماڈل کو اختیار کرتے ہوئے بڑھائیں گے ۔

مزید :

صفحہ اول -