حکومت نے اپوزیشن کی ٹی او آرز کا جائزہ لینے کیلئے 6رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

حکومت نے اپوزیشن کی ٹی او آرز کا جائزہ لینے کیلئے 6رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

 اسلام آباد(آن لائن)حکومت نے اپوزیشن کی جانب سے بھیجی گئیں ٹی او آرز کا جائزہ اور اپوزیشن سے روابط کیلئے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ،وزیر اعظم نے کمیٹی کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ ملکر مشترکہ ٹی او آرز تشکیل دیئے جائیں ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے اپوزیشن کی جانب سے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کیلئے بھیجی گئیں ٹی او آرز کا جائزہ لینے کے لئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی میں خواجہ سعد رفیق ،احسن اقبال ،پرویز رشید ،انوشہ رحمن اور بیرسٹر ظفر اللہ شامل ہوں گے جبکہ ٹی او آرز کی قانونی اور آئینی نکات کا جائزہ لینے کے لئے وزیر قانون زاہد حامد اور اٹارنی جنرل اشتراوصاف کمیٹی کی معاونت کریں گے،ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کمیٹی کی منظوری دیدی ہے اور ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے بھیجی گئیں ٹی او آرز کا جائزہ لیا جائے اور اپوزیشن سے رابطہ کرکے ایک مشترکہ ٹی او آرز تشکیل دی جائیں ،ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی جانب سے ٹی او آرز پر مشتمل بھیجا گیا خط کمیٹی کے حوالے سے کر دیا گیا ہے ،ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی نے اپنا کام شروع کر دیا ہے اور آئندہ 2 روز تک حکومتی کمیٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطہ کرے گی اور امکان ہے کمیٹی ارکان اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے براہ راست ملاقات کرے گی اورایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائیگا۔

مزید : صفحہ اول