معاشی بحالی حکومت کی دا نشمند انہ کاروبادوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، پرویز رشید

معاشی بحالی حکومت کی دا نشمند انہ کاروبادوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، پرویز ...

 اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی بحالی حکومت کی دانشمندانہ کاروبار دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کی بدولت معیشت بحالی کی جانب واپس آئی ہے اور ذرائع ابلاغ کی صنعت نے بھی ملک میں اس اقتصادی سرگرمی سے استفادہ کیا ہے۔ اشتہارات کے محصولات میں نمایاں اضافہ ملک میں جاری مضبوط کاروباری سرگرمیوں کا عکاس ہے۔ ٹیلی کام شعبہ کی مثال دیتے ہوئے وزیراطلاعات ونشریات نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تھری جی اور فور جی سپیکٹرم کیلئے لائسنسوں کی نیلامی کی جس میں موبائل فون صنعت میں انقلاب برپا ہوگیا ہے اسی طرح معیشت کے دیگر شعبے بھی درست سمت میں گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری ترقیاتی سرگرمیاں تمام شعبہ ہائے زندگی کے لئے مزید مواقع لارہی ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ شفافیت اور اچھے اسلوب حکمرانی موجودہ جمہوری حکومت کا طرہ امتیاز رہا ہے اور بدعنوانی کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات سرکاری شعبہ کے اشتہارات کے اجراء میں شفافیت اور کھلے پن کے اصولوں پر عمل کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایسا طریقہ کار اختیار کیا جائے جس سے تمام ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن ہوسکے میڈیا کو جاری اشتہارات کی دستیاب تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کی جاسکیں۔ اے پی این ایس کے وفد نے پرنٹ میڈیا انڈسٹری کو درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ان کے فوری حل کامطالبہ کیا۔ وزیر اطلاعات نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وزیر اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ ان کے جائز مسائل کے حل کیلئے ہرممکن کوشش کرے گی۔ آزادی اظہار رائے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ جمہوری حکومت ذرائع ابلاغ کی صنعت کی ترقی کے لئے انہیں سہولیات اور تعاون کی فراہمی جاری رکھے گی۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات پی آئی او پی ٹی وی اور وزارت کے دیگر افسران بھی شریک تھے۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...