شریف خاندان کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلئے حیلے بہانے ڈھونڈ رہی ہے،عابد صدیقی
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے وزیر اعظم کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت پچھلے تین سالوں سے بجلی بحران پر بہت جلد قابو پانے کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے لیکن عملی طور پر کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے میاں برادران کو منصوبوں کے افتتاح کا بہت شوق ہے اور وہ پچھلے سات سالوں سے پنجاب میں وزیر اعلیٰ اور تین سالوں سے وزیر اعظم منصوبوں کا افتتاح ہی کر رہے ہیں۔
میاں برادران کا بس نہیں چلتا ورنہ وہ لاہور اسلام آباد موٹر وے کا بھی دوبارہ افتتاح کر دیں۔ یہاں سے جاری ایک بیاں میں انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لئے حیلے بہانے ڈھونڈ رہی ہے لیکن پانام لیکس نے پوری دنیا میں تہلکہ مچا دیا ہے۔
اور اس کے اثرات پوری دنیا کے حکمرانوں پر ہوئے اور اُن حکمرانوں نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات بیان کر کے اپنی عوام کو اعتماد میں لیا ہے لیکن شریف برادران عوام کو اعتماد میں لینے کے بجائے دوسروں پر کیچڑ اُچھال رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اس معاملے میں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں کیونکہ جب بھی میاں صاحب کی کرسی کو خطرات لاحق ہوئے ہیں پارلیمنٹ نے اُن کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔