گرمی بڑھتے ہی ایئر کولرز کی قیمتوں میں اضافہ، تنخواہ دار طبقہ بلبلا اٹھا
لاہور(اپنے نمائندے سے)گرمی کی لہر آتے ہی صوبائی دارلحکومت میں ایئر کولر کی ڈیمانڈ میں اضافے کے ساتھ ہی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں، 50سے 70فیصد اضافے کے ساتھ تنخواہ دار اور متوسط طبقہ کی کی پہنچ سے دور،من مانے اور منہ مانگے داموں کی وجہ سے لاہور کی بیشتر مارکیٹیں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کے لئے کوشاں، لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کے ستائے ہوئے غریب اور لوئرمڈل کلاس طبقے کے لئے شدید گرمی میں ٹھنڈی ہوا ایک خواب بن گئی،ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لاہور اور پانچوں تحصیلوں کی انتظامیہ گھریلوں استعمال کی الیکٹرونک اشیاء پرفکس ریٹ لاگو کرنے میں ناکام ہو گئی ہے ۔ ائرکنڈیشنر کی خرید کی طاقت نہ رکھنے والے متوسط اور لوئرمڈل کلاس طبقے نے ایئرکولر خریدنے کے لئے مارکیٹوں کا رخ کر لیا ہے لیکن صوبائی دارلحکومت کی بیشتر مارکیٹوں جن میں عابد مارکیٹ۔گلبرگ 3مارکیٹ۔کوٹ لکھپت۔لٹن روڈ مزنگ ۔غالب مارکیٹ گلبرگ۔ ایکسپو سنٹر جوہرٹاؤن۔ چوبرجی سنٹر ۔بیڈن روڈ وغیرہ میں ایئر کولرکی قیمتوں میں 50سے 70فیصد اضافے کی وجہ سے یہ سہولت تنخواہ دار اور متوسط طبقہ کی کی پہنچ سے دور ہو گئی ہے ۔گذشتہ ماہ ایئرکولر کی نارمل قیمت 6سے 13ہزار روپے تھی جو ماہ مئی میں 20سے 25ہزار تک پہنچ چکی ہے،