پاکستان کو ایف 16طیاروں کی فروخت کی حمایت جاری رکھیں گے ، امریکہ

پاکستان کو ایف 16طیاروں کی فروخت کی حمایت جاری رکھیں گے ، امریکہ

 واشنگٹن(اے این این) امریکا نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز کے لیے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کی حمایت جاری رکھیں گے،ہم چاہتے ہیں پاکستان اوربھارت کے درمیان انسداد دہشت گردی کے لیے تعاون میں اضافہ ہو۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا کی جانب سے انسداد دہشت گردی اورمزاحمت پسندوں کی بیخ کنی کیلئے ایف سولہ طیاروں کی فروخت کی پیشکش کی گئی تھی جس کی حمایت جاری رکھیں گے کیونکہ یہ پاکستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں میں کمی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔لیکن ایف سولہ طیاروں کی فروخت کیلئے کانگریس نے فارن ملٹری فنانسنگ فنڈزکے استعمال کومستردکیا ہے۔ پاکستان کو آگاہ کردیا ہے کہ طیاروں کی خریداری کیلئے اسے قومی فنڈ استعمال کرنا چاہیے تاہم پاکستان کی مدد ک کیلئے امریکا کا لچک کا مظاہرہ برقرار رکھنا اہم ہے۔پاکستان میں بھارتی مداخلت اوررا کے ایجنٹ کی گرفتاری کے بارے میں کیے گئے سوال پرترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان انسداد دہشت گردی تعاون خطے کے لیے بے حد ضروری ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان دہشت گردی کی روک تھام کیلئے ایک سطح پر مذاکرات بھی چل رہے ہیں ۔ پاک بھارت امن مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھتے دیکھناچاہتے ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...