جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے ، مقننہ ، عدلیہ انتظامیہ ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں ، ممنون حسین

جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے ، مقننہ ، عدلیہ انتظامیہ ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں ، ...

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور مقننہ عدلیہ اور انتظامیہ ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں۔یہ بات صدر مملکت نے اکبر خان، سیکریٹری جنرل،دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ ملک صحیح سمت پر گامزن ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ پاکستان میں جمہوریت مزیدپختہ ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور بہتر طرز حکمرانی ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے لازم ہیں ،اس سلسلے میں موجودہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات کے لیے انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔اسی طرح حکومت خواتین کو ملک کی ترقی اور خوش حالی میں کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اور قائد اعظم کے فرمودات کی روشنی میں حکومت تمام اقلیتوں کو معاشرے میں یکساں حقوق دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کاپاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ دولت مشترکہ کے ممالک بھی پاکستان کی پرکشش لِبرل سرمایہ کاری پالیسی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے توانائی،انفرااسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں ۔انہوں نے مزیدکہا کہ دولت مشترکہ کے ممالک کو تعلیم کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے وفود کی سطح پر زیادہ سے زیادہ تبادلہ ہونا چاھیئے۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاک چین اقتصادی رہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان کے لیے خوش حالی کا نیا باب ثابت ہو گا بلکہ خطے کے تمام ممالک کے درمیان رابطوں کی بہتری کا باعث بھی بنے گا۔صدر مملکت نے اکبر خان کو دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے ساتویں سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے دولت مشترکہ کے ممالک سے پارلیمانی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر اکبر خان،سیکریٹری جنرل سی پی اے نے کہا کہ پاکستان ان ملکوں میں سے ہے جن کا وہ سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد دورہ کر رہے ہیں۔ان کا دورہ پاکستان پاکستانی عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول