جن کا پانامہ لیکس میں نام آیا سب کا احتساب ہوگا، اعتزاز احسن
لاہور(آن لائن) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پہلے وزیراعظم پھر باقی سیاستدانوں کا احتساب ہوگا کیونکہ احتساب کیلئے وزیراعظم نے اپنا اور اپنی فیملی کا نام پہلے خود پیش کیا اب روتے کیوں ہیں ؟ حکومت اپنے ٹی او آرز پر اصرار کرے گی تو اپوزیشن کا اصرار بڑھتا جائے گا ۔ جمعہ کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ سب سے پہلے وزیراعظم نواز شریف اور ان کی فیملی کا احتساب ہوگا بعد میں ان تمام لوگوں کا احتساب ہوگا جن کا نام پانامہ پیپرز میں آیا ہے وزیراعظم نواز شریف نے پانامہ لیکس میں نام آنے پر خود کو اور اپنی فیملی کو پہلے احتساب کیلئے پیش کیا تھا اب حکومت کس لئے رو رہی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تیار کردہ ٹی او آرز کے تحت تو تحقیقات 1947ء سے شروع ہورہی تھی اور حکومت ٹی او آرز قائداعظم کا احتساب کرنے کو بھی تیار ہے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تیار کردہ ٹی او آرز متفقہ ہیں وزیراعظم ملزم ہیں اپنے خلاف کارروائی کا ضابطہ کیسے بنا سکتے ہیں لہذا وزیراعظم نواز شریف کا اگر احتساب ہوتا ہے تو وہی ٹی او آرز طے کریں یہ ممکن نہیں حکومت کے تیار کردہ ٹی او آرز کو اپوزیشن جماعتیں مسترد کرتی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اپنے ٹی او آرز پر احتساب کا اصرار کرتی ہے تو اپوزیشن کا اصرار بھی بڑھتا جائے گا ۔
اعتزاز احسن