احاطہ عدالت میں مسلح نوجوان کی بد تہذیبی پر وکلاء کے ہاتھوں ٹھکائی

احاطہ عدالت میں مسلح نوجوان کی بد تہذیبی پر وکلاء کے ہاتھوں ٹھکائی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ میں پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کے ساتھیوں نے احاطہ عدالت میں وکیل پر پستول تان لیا اور وکلاء کو گالیاں دیں جس پر وکلاء نے نوجوان کی دھنائی کردی ، نوجوان بلال بشیر کو ساتھی اویس سمیت گرفتار کر لیا گیا، نوجوان نے بیوی کی بازیابی کی درخواست خارج ہونے پر فاضل جج کو بھی دھمکیاں دیں ۔کاہنہ کے رہائشی بلال بشیر نے اپنی بیوی فصاحت بتول کی بازیابی کے لئے درخواست دائر کررکھی تھی جس کی سماعت مسٹرجسٹس چودھری مشتاق احمد نے کی ،لڑکی نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ نہیں جانا چاہتی جس پر عدالت نے نوجوان کی درخواست خارج کر دی، درخواست خارج ہونے پر نوجوان نے فاضل جج کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ جج کو عدالت سے باہر نمٹ لیں گے،باہر نکلتے ہی نوجوان بلال نے لڑکی کے وکیل مجتبٰی کو غلیظ گالیاں دیں جس پر قریب کھڑے دیگر وکلاء نے نوجوان کے ساتھ ہاتھا پائی شروع کر دی،جس پر اس کے ساتھیوں نے وکلاء پر پستول اور خنجر تان لیا اور اسلحہ لہراتے فرار ہو گئے۔ سکیورٹی نے موقع پر پہنچ کر نوجوان بلال بشیر اور اس کے ایک ساتھی اویس کو حراست میں لے لیا ۔ایس پی ہائیکورٹ سکیورٹی جنید ارشد کا کہنا ہے کہ پستول لے کر احاطہ عدالت میں داخل ہونے کے واقعہ کی انکوائری کر رہے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -