مسیحا من پسند تعیناتی کیلئے اثررسوخ استعمال کرنے لگے، بنیادی مراکز صحت ڈاکٹروں سے محروم

مسیحا من پسند تعیناتی کیلئے اثررسوخ استعمال کرنے لگے، بنیادی مراکز صحت ...

لاہور(محمد نواز سنگرا)محکمہ صحت کی طرف سے بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ کی تعیناتی یقینی نہ بنائی جا سکی۔917میڈیکل آفیسر ز بھرتی کر کے چھوٹے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی تعیناتی سے دور دراز کے دیہاتوں کے مکینوں کو صحت کی سہولت فراہم نہ کی جا سکی۔917میں سے 10ڈاکٹروں نے جائن ہی نہیں کیا۔483پوسٹ گریجوایشن کی وجہ سے دو سال کی چھٹی لے چکے ہیں باقی 424ڈاکٹروں کو تعینات کرنے کی کاوشیں بھی دم توڑ گئیں کیونکہ 2سو سے زائد ڈاکٹروں نے اپنی تعیناتی کو تبدیل کرنے کیلئے درخواستیں جمع کروائی تھیں جن میں سے متعدد کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ دیگر کو من پسند تعیناتی نہ دینے کی وجہ سے خدشہ لاحق ہے کہ وہ بھی سرکاری نوکری کی بجائے باہر جانے یا پھر پرائیویٹ نوکری کو ترجیح دیں گے کیونکہ المیہ یہ ہے کہ ڈاکٹرز بھی عوام کی خدمت کرنے کی بجائے اپنی من پسند تعیناتی لینے اور بڑے شہروں میں کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں اور دور دراز کے علاقہ مکینوں کے ساتھ جہاں محکمہ امتیازی سلوک کرتا ہے وہاں ڈاکٹرز بھی ان بنیادی سہولیات سے محروم عوام کا مداوا بننے کو تیار نہیں۔ معلوم ہو اہے کہ حالیہ بھرتی میں سے 50فیصد ڈاکٹروں کی تعیناتی بھی یقینی بنانے میں محکمہ کامیاب نہیں ہو سکا اور دور درازدیہاتوں کے بنیادی مراکز صحت اور ررول ہیلتھ سنٹرز میں تاحال میڈیکل آفیسرز کی سیٹیں خالی ہیں ۔917میں سے تقریباً 400 ڈاکٹرز ہی کام کر سکیں گے باقی کچھ من پسند تعیناتی کیلئے تیار نہیں تو کچھ پوسٹ گریجویشن کی وجہ سے دوسال کی چھٹی لے چکے ہیں ۔دوسری طرف ذرائع نے بتایا کہ محکمہ صحت پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے جن 2سو سے زیادہ ڈاکٹروں کو تعینات تبدیل کرنے کی در خواست کی تھی ان میں سے بھی سفارشی ڈاکٹروں کو من پسند تعیناتی دے دی گئی ہے جبکہ سفارش نہ رکھنے والے ڈاکٹروں کو دوردراز کے علاقوں میں تعینات کر دیا۔جن میں سے متعدد ڈاکٹروں نوکری کرنے کو تیار نہیں ہیں جس سے محکمے کو 2حصوں میں تقسیم کرنے کا مقصد بھی پورا نہ ہو سکا اور حکومت دور دراز کے دیہاتیوں کو صحت کی سہولیات فراہم نہ کر سکی۔اس حوالے سے ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ عدنا ن ظفر نے بتایا کہ محکمہ پوری کوشش کر رہا ہے ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں کو پر کیا جائے ۔موجودہ پوسٹنگ میں کسی قسم کی سفارش نہیں بلکہ میرٹ پر تعیناتیا ں کی گئی ہیں ۔بعض ڈاکٹرز جہاں پوسٹنگ مانگتے وہاں سیٹ 20گریڈ کی ہے تو ان کو تعیناتی نہیں دی جا سکتی۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...