کوہاٹ ،جعلی انعامی بانڈز اور کرنسی پھیلانے پر خواتین سمیت 4 گرفتار

کوہاٹ ،جعلی انعامی بانڈز اور کرنسی پھیلانے پر خواتین سمیت 4 گرفتار

 

کوہاٹ(بیورورپورٹ)کوہاٹ پولیس نے جعلی انعامی بانڈز اورکرنسی مارکیٹ میں پھیلانے کی کوشش ناکام بناکرخواتین سمیت چار افراد کو گرفتار کرلیا۔بنک منیجر کی شکایت پر کینٹ پولیس نے تین رکنی نوسر باز گروہ کے قبضے سے لاکھوں مالیت کے جعلی انعامی بانڈز برآمد کرلئے جبکہ ناکہ بندی کے دوران مسافر گاڑی میں سوار ایک شخص سے ہزاروں روپے کی جعلی کرنسی قبضے میں لی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نیشنل بنک کے منیجر نے کینٹ پولیس کو اطلاع دی مسلسل دو دنوں سے عائشہ اور بختاور بی بی نامی خواتین نے بنک میں جعلی انعامی بانڈزتبدیل کرنے کی کوشش کی جوجعلسازی پکڑے جانے پر جعلی بانڈز جلال نامی شخص کی ملکیت بتارہی ہیں۔اس اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے پولیٹیکل پولیس چوکی کے انچارج سب انسپکٹر ارشد محمود نے پولیس نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کر دونوں خواتین کو 7500روپے مالیت کے جعلی انعامی بانڈز سمیت حراست میں لے لیا اور انکی نشاندہی پر حیات شہید کالونی میں واقع ایک گھر سے دوران تلاشی لاکھوں مالیت کی جعلی پرائز بانڈز برآمد کرکے نو سر بازگروہ کے سرغنہ جلال کو بھی گرفتار کرکے تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔پولیس کے مطابق پکڑی جانے والی انعامی بانڈز کی کل مالیت 3لاکھ 34ہزار 500روپے ہے جو خواتین کے ذریعے شہر کے مختلف بنکوں میں تبدیل کرنے کی سازش کی جارہی تھی تاہم پولیس نے بروقت کاروائی کے نتیجے میں نوسر باز گروہ کی اس سازش ناکام بناتے ہوئے ملکی معیشت کو لاکھوں روپے کے خسارے سے بچا لیا۔ایک اور کاروائی کے دوران تھانہ چھاؤنی کی حدود میں واقع کاغزئی پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کے دوران پولیس پارٹی نے ایک مسافر گاڑی سے ساجد علی ساکن لودھی خیل ہنگو کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے 6ہزار روپے کی جعلی کرنسی برآمد کرلی ۔پولیس نے گرفتار ملزم کو فوری طور پر تھانہ چھاؤنی منتقل کردیا جہاں اسکے خلاف جعلی کرنسی سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شرو کردی گئی۔

 

مزید : پشاورصفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...