تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں میں نمایاں اصلاحات متعارف کروائی ہیں ، عاطف خان

تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں میں نمایاں اصلاحات متعارف کروائی ہیں ، عاطف ...

 پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے عوامی مفاد کے پیش نظرتعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں میں نمایاں اصلاحات متعارف کرائی ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو ان سے آگاہ کرنے کے لئے ایک موثر لائحہ عمل طے کیا جائے اور اس سلسلے میں محکمہ اطلاعات کا کردار انتہائی اہم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے اس اہم محکمے کی تشکیل نو کی منظوری دی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پشاور میں حکومتی اقدامات کی موثر تشہیر سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ محمد بشیر خان، ڈائریکٹر اطلاعات شعیب الدین ، ڈپٹی ڈائریکٹر پریس انفارمشن احمد جان ، اسٹیشن منیجر ریڈیو خیبر پختونخوا مردان شمس الحق اور ریجنل انفارمشن آفیسر کوہاٹ ارشاد آفریدی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں حکومتی اقدامات کی موثر تشہیر کے لئے مختلف امور زیر غور آئے اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں حکومتی اقدامات و اصلاحات کو اجاگر کرنے کیلئے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیاسمیت سوشل میڈیا کے بھر پور استعمال کا فیصلہ کرکیا گیا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ قومیں میٹرو اور اورنج ٹرین جیسے میگا پراجیکٹس سے نہیں بلکہ قوم کے نونہالوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے سے ہی بنتی ہیں اسی لئے پی ٹی آئی کی حکومت نے تعلیم کو میگا پراجیکٹ کے طور پر لیکر اس کا بجٹ 100ارب روپے سے بھی اوپر کردیاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیر سکول ایک انقلابی پروگرام ہے جس کے تحت صوبائی حکومت سرکاری سکولوں میں 43ارب روپے خرچ کررہی ہے اور پہلے مرحلے میں اس مد میں 16ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں جبکہ اگلے مرحلے کو بھی اس ماہ شروع کرنے کا پروگرام ہے۔ عاطف خان کا کہنا تھا کہ وہ شعبہ تعلیم کو صد فی صد ٹھیک کرنے کا دعویٰ نہیں کرتے لیکن اس میں 70فیصد تک بہتری ضرور لائے ہیں اور اس کو حسب وعدہ صد فی صد کرنے کی انتھک کوشش کررہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس شعبے کا بڑامسئلہ ہمیشہ اساتذہ کی کمی رہاہے جس پر موجودہ حکومت نے پوری توجہ دی ہے اور اب تک 25ہزار اساتذہ بھرتی کر چکے ہیں جبکہ آئندہ سال مزید 15ہزار اساتذہ بھرتی کریں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یوتھ پی ٹی آئی کا قیمتی اثاثہ ہے اوریوتھ کی بڑی تعداد سوشل میڈیا سے منسلک ہے اس لئے محکمہ اطلاعات سوشل میڈیا پر فوکس کرے اور اس کے لئے قائم خصوصی سیل کو مزیدفعال کرے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر