کوہاٹ ،معمولی تنازعہ پر فائرنگ سے بیٹا جاں بحق ،ماں زخمی

کوہاٹ ،معمولی تنازعہ پر فائرنگ سے بیٹا جاں بحق ،ماں زخمی

کوہاٹ(بیورورپورٹ)کوہاٹ شہر کے علاقہ محلہ قصابان میں معمولی جھگڑے پر فریقین کے مابین مسلح تصادم میں باپ بیٹوں کی فائرنگ سے جوانسال بیٹا جاں بحق اور ماں بیٹا زخمی ہوگئے۔پولیس نے واردات میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرکے چار نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ شہر کے مرکزی بازار سے پیوست محلہ قصابان کے علاقے میں گزشتہ شب مبینہ ملزمان باپ بیٹوں طارق پرویز ولد فدا اور اسکے بیٹوں خالد عرف کاشی،علی رضااور جوہر رضا نے تکرار کے بعد طیش میں آکر گھر کے سامنے موجود مخالف فریق کے ماں بیٹوں مسماۃ روزینہ نورین اسکے 26سالہ بیٹے محمد احتشام اور 22سالہ محمد عاشرپر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں وہ تینوں شدید زخمی ہوگئے۔واردات کے بعد ملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاکر محمد احتشام دم توڑ گیا۔مقتول کی لاش اور مجروحین کو کے ڈی اے ہسپتال لایا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد مقتول کی لاش لواحقین کے حوالہ کردی گئی جبکہ زخمی ماں بیٹے کو ہسپتال داخل کراد یا گیا ہے ۔پولیس تھانہ سٹی نے مجروحہ مسماۃ روزینہ نورین زوجہ محمدتنویر کی مدعیت میں واقعہ فریقین کے مابین دو یوم قبل ہونے والی لڑائی کا شاخسانہ قراد دیکر نامزد ملزمان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کامقدمہ درج کر لیا اور چھاپہ مار کاروائی کے دوران واردات میں ملوث ایک ملزم خالد عرف کاشی کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر روپوش ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...