غیر قانونی جرگوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کررہے ہیں، شرمیلا فاروقی

غیر قانونی جرگوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کررہے ہیں، شرمیلا فاروقی

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) وزیر اعلیٰ سندھ کی کوآرڈینیٹر برائے انسانی حقوق نادیہ گبول نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں غیر قانونی جرگوں کے انعقاد پر سخت پابندی عائد ہے اور محکمہ انسانی حقوق سندھ اس طرح کے جرگوں کے خلاف پورے صوبے میں روک تھام کے اقدامات کر رہا ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے ایبٹ آباد میں جرگے کے حکم پر قتل کی جانے والی لڑکی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر عدم برداشت کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق ہر سطح پر آواز بلند کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ انسانی حقوق کی جانب سے بہت سی خواتین اور مردوں کو نہ صرف تحفظ فراہم کیا گیا بلکہ انہیں عدالت میں قانونی تحفظ کے لئے بھیجا گیا جن کے لئے غیر قانونی جرگوں نے قتل کے احکامات دیئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں اور نہ ہی کسی کو قانون کے متوازی قانون لاگو کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جرگہ سسٹم کے خلاف مزید قانون سازی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...