بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کسی صورت قابل برداشت نہیں ،حمایت اللہ

بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کسی صورت قابل برداشت نہیں ،حمایت اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مردان( بیورورپورٹ)ضلع ناظم مردان حمایت اللہ مایار نے کہا ہے۔ کہ ضلع بھر میں ناروا لوڈ شیڈنگ کسی بھی صورت برداشت نہیں کیجائیگی اور جو بھی افسران و اہلکاران اس میں ملوث ہو انکے خلاف کاروائی کیجائیگی۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں واپڈا اور بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ ، ضلع نائب ناظم اسد علی کشمیری اور سپرنٹنڈنگ انجینئر واپڈا عبد اللہ شاہ کے علاوہ ضلعی کونسلران اور ایکسینز اور ایس ڈی اوز بھی موجود تھے۔۔ ضلع ناظم نے محکمہ واپڈا کے افسران کو ہدایت کی کہ ناروا لوڈ شیڈنگ سمیت اوور بلنگ کی روک تھام کیلئے عملی اور ٹھوس اقدامات اٹھائیں جائیں۔ اور بغیر شیڈول کے لوڈشیڈنگ کو مکمل طور پر بند کیا جائے۔ تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکے ۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ محکمہ واپڈا کے ساتھ بھر پور تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ بجلی چوری اور لائن لاسز پر قابو پایا جاسکے۔ صرف اسی صورت میں ضلع بھر کے عوام کو بلاتعطل بجلی فراہمی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔ ضلع ناظم نے واپڈا کے افسران کو خبردار کیا کہ تحصیل کاٹلنگ مچے پاور سٹیشن پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ ایس ای واپڈا عبد اللہ شاہ نے ضلع ناظم اور ڈپٹی کمشنر مردان کو یقین دلایا کہ پرخو یونین کونسل لوند خوڑ ، کاٹلنگ ، غلہ ڈھیر اور بغدادہ میں لوڈشیڈنگ شیڈول کے مطابق ہوگی ۔ اور اوور بلنگ بھی نہیں کی جائیگی۔