مشتاق رئیسانی 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت نے بلوچستان کے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ۔ دوران سماعت نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ کرپشن کی تحقیقات کیلئے ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے جس پر عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ کیس کی سماعت کے دوران ملزم نے عدالت سے استدعا کی کہ اسے صحت کے مسائل ہیں جس پر عدالت نے نیب حکام کو ہدایت کی کہ ملزم کو جب بھی ضرورت پڑے اسے صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ عدالت سے ریمانڈ ملنے کے بعد حکام نے ملزم کو مزید تفتیش کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز منتقل کردیاہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز نیب نے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھر پر چھاپہ مارا تھا جہاں 73 کروڑ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی سمیت 4 کروڑ روپے کا سونا برآمد ہوا تھا۔