سندھ رینجرز نے ’رینجرز سکول کالج پروٹیکشن سسٹم ‘ کے نام سے سافٹ ویئر متعارف کرادیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان رینجرز سندھ نے ”رینجرز سکول کالج پروٹیکشن سسٹم “ کے نام سے سافٹ ویئر متعارف کرادیا ہے جس پر اب تک 3 ہزار سے زائد سکولوں کو رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے۔
ترجمان رینجرز سندھ کرنل قیصراجمل خٹک نے مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ’رینجرز سکول کالج پروٹیکشن سسٹم ‘ کے اوپر پورے کراچی شہر کا نقشہ لگایا گیا ہے جس سے شہر میں گشت کرنے والی رینجرز موبائلز کی ٹریکنگ ممکن ہوگی ۔سسٹم پر 3 ہزار سے زائد سکولوں کو رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے جبکہ شہر کے تمام سکولز کالجز اور یونیورسٹیوں سمیت تھانوں، میڈیا ہاوسز، شاپنگ مالز وغیرہ کو سسٹم پر شامل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ موثر کنٹرول کیلئے کراچی کو 7 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال کی صورت میں تعلیمی اداروں کے سربراہان ایک ایس ایم ایس کریں گے تو وہ متعلقہ علاقے کی کمپنی کے کمانڈر کے موبائل پر چلاجائے گا جس سے فوری طور پر ریسپانڈ کرنے میں مدد ملے گی ۔