تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی،حکومت بات چیت کے لئے تیار ہے اپوزیشن بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے،2016-17کا بجٹ تین جون کو پیش کیا جائے گا: اسحاق ڈار

تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی،حکومت بات چیت کے لئے تیار ہے اپوزیشن بھی سنجیدگی ...
تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی،حکومت بات چیت کے لئے تیار ہے اپوزیشن بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے،2016-17کا بجٹ تین جون کو پیش کیا جائے گا: اسحاق ڈار

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا خط ٹی او آرز نہیں بلکہ چارج شیٹ ہے اور یہ ٹی او آرز ایک مخصوص شخص اور اس کے خاندان کیلئے بنائے گئے ہیں،موجودہ حکومت تمام معاملات پر اپوزیشن سے آج بھی تمام معاملات کے حل کیلئے بات کرنے کو تیار ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاناما پیپرز کے معاملے کے فوری بعد اپوزیشن کے مطالبے پر ہی سپریم کورٹ آف پاکستان کو تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا خط لکھ دیا تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے، یہ کمیشن مکمل طور پر آزاد اور خود مختار ہو گا، کمیشن نے وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کو سب سے پہلے بلایا تو وہ ضرور پیش ہونگے۔انہوں نے کہا کہ دھرنے اور الزامات کی سیاست کرنے والوں نے دھرنے کی پہلی قسط میں پاکستان کو 100 ارب کا نقصان پہنچایا ،لیکن اس کے باوجود ہم نے ملکی ترقی و خوشحالی اور معاشی استحکام کا جو عزم کر رکھا ہے اس کیلئے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں اور اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت ٹی او آرز کا معاملہ تو حل کرنے کے لئے تیار ہے مگر تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، اس معاملے پر اپوزیشن کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز کے معاملے پر اپوزیشن اپنے مطالبات بدلتی رہی ہے جبکہ حکومت تو بالکل کلیئر ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہر ایک کا احتساب ہو، قرضے معاف کرانے کا معاملہ ٹی او آرز میں ڈالنا کیا غلط ہے؟ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب بھی ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے، کچھ شرپسند عناصر ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کیلئے سرگرم ہو جاتے ہیں، پاکستانی عوام ہمارے ساتھ ہے اورہم پرعزم ہیں کہ ملک کو آگے لیکر جانے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔ قوم کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار بھی ہماری اصل طاقت ہے۔ ملک میں انتشار پھیلانے والے ماضی میں بھی ناکام ہوئے اور مستقبل میں بھی ان کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا  کہ 2016-17کا بجٹ تین جون کو پیش کیا جائے گا۔

مزید : قومی /اہم خبریں