کرپشن پوری قوم کی رگوں میں سرائیت کر چکی ،کسی غیر آئینی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے :مولا بخش چانڈیو

کرپشن پوری قوم کی رگوں میں سرائیت کر چکی ،کسی غیر آئینی عمل کا حصہ نہیں بنیں ...
کرپشن پوری قوم کی رگوں میں سرائیت کر چکی ،کسی غیر آئینی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے :مولا بخش چانڈیو

  

حیدرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ کرپشن پوری قوم کی رگوں میں سرائیت کر چکی ، ہم جمہوریت کے لئے اپوزیشن کے ساتھ ہیں لیکن کسی غیرآئینی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، اگر وزیراعظم نوازشریف اپنے مشیروں کے مشوروں پر اسی طرح عمل کرتے رہے تو ضرور اپوزیشن کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ سارے مسائل کا حل صرف موٹروے کی تعمیر میں ہے خواہ وہ بھوکے مرتے رہیں اور بنیادی ضروریات سے محروم رہیں،نوازشریف یہ تاثر دے رہے ہیں کہ پاک چائنہ راہداری منصوبہ صرف انہی کے مرہون منت ہے حالانکہ اس کی بنیاد سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے چین کے کئی دورے کرکے رکھی تھی اور پاکستان کی ترقی کے لئے یہ نہایت اہم منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نوازشریف کے ساتھ نہیں ہیں مگر کسی غیرآئینی اقدام کا حصہ نہیں بنیں گے،نوازشریف کو چاہئیے کہ وہ پانامالیکس پر اپوزیشن کے ٹی او آرز پر عمل کریں مگر جس طرح وہ اپنے مشیروں کے مشوروں پر عمل کر رہے ہیں اگر اس کے نتیجے میں اپوزیشن سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گئی تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔بلوچستان میں سیکریٹری خزانہ کی کرپشن کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر انہوں نے کہا کہ کرپشن پوری قوم کی رگوں میں سرائیت کر چکی ہے، مگر پانامہ لیکس سامنے آنے کے بعد یہ واضع ہو گیا ہے کہ زیادہ گند مسلم لیگ (ن) نے ہی کیا ہے۔

مزید : حیدرآباد