ملائیشیا کے ہائی کمشنرکا دورہ راولپنڈی چیمبر ، دو طرفہ تجارت بڑھانے پر زور
راولپنڈی ( کامرس ڈیسک)ملائیشیا کے ہائی کمشنرڈاکٹر ہسرل ثانی بن مجتبر(Dr. Hasrul Sani bin Mujtabar) نے کہا ہے کہ ملائیشیا پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کو مرکزی حیثیت دیتا ہے اور پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کیلیے ہر سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے پاکستان میں سلامتی اور امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہو چکی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران تاجروں و صنعت کاروں کے ساتھ اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ان کے ہمراہ بارہ رکنی تجارتی وفد بھی شامل تھا۔ اس موقع پر صدر چیمبرراجہ عامر اقبال، نائب صدر عاصم ملک، سابق صدور، اراکین مجلس عاملہ اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ہائی کمشنرنے کہاکہ علاقائی تجارت کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے راولپنڈی چیمبر کا کردار قابل ستائش ہے اور اس کا شمار پاکستان کے فعال چیمبرز میں ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلوں کے ذریعے باہمی تجارت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے حلال فوڈاہم شعبہ ہے اس کو ترقی دی جا سکتی ہے اس کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبے خاص طور پر ہوٹل انڈسٹری میں دو طرفہ منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے راولپنڈی چیمبر کے صدر راجہ عامر اقبال نے کہاکہ راولپنڈی چیمبر ہمسائیہ ممالک میں سنگل کنٹری نمائشوں کے کامیاب انعقاد کے بعد مسلمان ممالک تک اس کے دائرہ کار کو وسعت دے رہا ہے ۔ تاکہ آپس میں تجارت کو فروغ دے کر ترقی کی منازل طے کی جاسکیں۔صدر چیمبر نے کہاکہ دونوں ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے مابین روابط کو فروغ دیا جائے اور اس سلسلے میں تجارتی وفود کے تبادلے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے ملائیشین ہائی کمشنر کی طرف سے راول انٹر نیشنل ایکسپو میں ملائشین کمپنیوں کی شرکت کو سراہا انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں علاقائی تجارت کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے سیاحت کے علاوہ مینو فیکچرنگ، تعمیرات، ٹرانسپورٹ ، لائٹ انجنیئرنگ اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ منصوبے لگائے جا سکتے ہیں ۔
انہوں نے وفد کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر بریفنگ بھی دی بعد میں وفد نے تاجر برادری کے ساتھ بی ٹو بی میٹنگ بھی کیں ۔