پی سی آر ڈبلیو آر کی بوتل بند پانی کے مختلف برانڈز کی سہ ماہی تجزیاتی رپورٹ جاری

پی سی آر ڈبلیو آر کی بوتل بند پانی کے مختلف برانڈز کی سہ ماہی تجزیاتی رپورٹ ...

اسلام آباد: (آن لائن) پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی کمی کی وجہ سے ملک بھر میں بوتلوں میں بند پانی کی صنعت تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ پاکستان کونسل برائے تحقیقاتِ آبی وسائل، حکومتِ پاکستان ، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی ہدایت پر بوتلوں میں بند پانی کی کوالٹی کی مانیٹرنگ ایجنسی کو طور پر کام کر رہی ہے۔ ہر سہ ماہی کے اختتام پر پینے کے بوتل بند پانی کے مختلف برانڈزکی تجزیاتی رپورٹ پی سی آر ڈبلیو آر کی ویب سائٹ پر اور میڈیا میں شائع کر دی جاتی ہے ۔جنوری تا مارچ 2017 کی سہ ماہی میں اسلام آباد ،راولپنڈی،سیالکوٹ، سوات، پشاور، مظفر آباد، سرگودھا، ملتان، لاہور ، ٹنڈوجام اور کراچی سے بوتل بند/ منرل پانی کے 103 برانڈز کے نمونے حاصل کیے گئے ۔ ان نمونوں کا پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA) کے تجویز کردہ معیار کے مطابق تجزیہ کیا گیا۔ اس تجزیے کے مطابق 10 برانڈز (کلین پلس ، رائل بلیو، ایکوا ہیلتھ،نیو پریمیر، پیسیفک پیور، ایکٹو لائف، فینوپیورواٹر، کریسٹل مایا، میریکل اور پیور ایکوا) برانڈز کے نمونے کیمیائی طور اور جراثیمی طور پر آلودہ پائے گئے۔ ان میں6 نمونوں (کلین پلس ، رائل بلیو، نیو پریمیر، پیسیفک پیور، ایکٹو لائف اورفینوپیورواٹر) میں سنکھیا کی مقدار سٹینڈرڈ سے زیادہ (12 پی پی بی سے لیکر 69 پی پی بی) تک تھی، جبکہ پینے کہ پانی میں اس کی حدِ مقدار صرف 10 پی پی بی تک ہے۔ پینے کے پانی میں سنکھیا کی زیادہ مقدار کی موجودگی بے حد مضرِ صحت ہے۔

کیونکہ اس کی وجہ سے پھیپڑوں ، مثانے، جلد، پراسٹیٹ، گردے، ناک اور جگر کا کینسر ہو سکتا ہے اس کے علاوہ بلڈ پریشر ، شوگر، گردے اور دل کی بیماریاں، پیدائشی نقائص اور بلیک فُٹ جیسی بیماریاں بھی ہو سکتی ہیں۔

جبکہ آلودہ برانڈز میں سے 4نمونے ( ایکوا ہیلتھ،نیو پریمیر، پیسیفک پیور اور فینوپیورواٹر) جراثیم سے آلودہ پایا گیا جس کی وجہ سے ہیضہ، ڈائریا، پیچش، ٹائفائیڈ اور یرقان کی بیماریاں ہو سکتی ہیں۔4 برانڈز ( ایکوا ہیلتھ، پیسیفک پیور، کریسٹل مایا،اور پیور ایکوا)کے نمونوں میں سوڈیم کی مقدار سٹینڈرڈ سے زیادہ (58 سے لے کے78 پی پی ایم ) پائی گئی جبکہ پینے کہ پانی میں اس کی حدِ مقدار صرف 50 پی پی ایم تک ہے۔ اور ایک نمونے (میریکل ) میں پوٹاشیم کی مقدار زیادہ پائی گئی۔

مزید : کامرس


loading...