لاہور چیمبر کا تجارتی وفد ناصرحمید خان کی سربراہی میں جنوبی افریقہ، سوازی لینڈ اور ماریشس کے دورے پر روانہ ہوگیا
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا 13رکنی اعلیٰ سطحیٰ وفد لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان کی سربراہی میں جنوبی افریقہ، سوازی لینڈ اور ماریشس کے گیارہ روزہ دورے پر روانہ ہوگیا ہے۔ دورے کے دوران وفد مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، تجارتی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں، سرکاری حکام اور پاکستان کے سفارتی عملے سے ملاقاتیں کرے گا ۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ناصر حمید خان نے روانگی سے قبل بتایا کہ وفد کے دورے کا مقصد پاکستانی تجارت کو فروغ دینا اور ان غیر روایتی منڈیوں میں پاکستانی تاجروں کے لیے نئے بزنس پارٹنرز تلاش کرنا ہے تاکہ ملکی برآمدات کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے غیرروایتی منڈیوں پر توجہ دینااور نئی مصنوعات متعارف کرنا بہت ضروری ہے۔ محمد ناصر حمید خان نے بتایا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا وفد دورے کے دوران پاکستان کی بہترین ساکھ کو اْجاگر کرنے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے گا۔