فیس مافیا کے خلاف ’’پاکستان ‘‘کا جہاد ، حکومت پنجاب میدان میں

فیس مافیا کے خلاف ’’پاکستان ‘‘کا جہاد ، حکومت پنجاب میدان میں

 لاہور(حافظ عمران انور ) روزنامہ پاکستان عوام کی آواز بن گیا ۔پرائیویٹ سکولوں کی طرف سے موسم گرما کی تین ماہ کی یکمشت فیسوں کی وصولی کی خبر شائع ہونے پرصوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے ایکشن لیتے ہوئے گزشتہ روز چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں اجلاس طلب کیا جس میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے پرائیویٹ سکولوں کی نمائندہ تنظیموں کے وفد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں میں مقررہ شرح سے زائد اضافہ اورگرمیوں کی چھٹیوں کی تین ماہ کی فیسوں کی یکمشت وصولی کسی صورت قابل قبول نہیں۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری سکولز رانا حسن اختر ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور طارق رفیق کے علاوہ نجی سکولوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ تین ماہ کی فیسیں اکٹھی وصول کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ فیسوں میں اضافہ کی مقررہ حد سے زائد فیس وصولی کی صورت میں سکول انتظامیہ کو متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سے منظوری لینا ہو گی ۔پرائیویٹ سکولوں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران صوبائی وزیرتعلیم نے کہا پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے طالبعلموں کوسکول یونیفارم اور کتابیں سکول کی مقررہ دکان سے خریدنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا والدین کو چاہیے کہ وہ اوپن مارکیٹ سے بکس اور سکول یونیفارم خرید یں ۔صوبائی وزیر نے اجلا س میں بتایا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد سکول 7اگست کو کھلیں گے اور 14اگست تک سرکاری و نجی سکولوں میں جشن آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ طالبعلموں کو ہم نصابی سرگرمیوں اور سپورٹس کی جانب بھی راغب کیا جائے تا کہ وہ با اعتماد شہری کے طور پر ابھریں۔ اجلاس میں پرائیویٹ سکولوں کی نمائندہ تنظیموں کے وفد نے پرائیویٹ سکولوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم کو آگاہ کیا ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ ، محکمہ سکول ایجوکیشن، ٹورزم، پارکس اینڈہارٹیکلچر، محکمہ اطلاعات و ثقافت کے علاوہ ایک غیر سرکاری تنظیم کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں 27،28اور29جولائی کو سہ روزہ سیکنڈ لاہور انٹرنیشنل کانفرنس آن کلچر ہو گی۔ اس کانفرنس کے ا نعقاد کا مقصد صوبہ پنجاب کی تہذہب و ثقافت اور کلچر کے مختلف پہلوؤں کواجاگر کرنا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...