وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں وہ ان حالات میں مستعفی ہوجائیں ، لاہور ہائیکورٹ بار
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے پاکستان بار کونسل کی طرف سے وزیراعظم کے استعفیٰ کے مطالبہ سے دستبردار ہونے کے اعلامیہ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ۔اس سلسلے میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چودھری ذوالفقار علی ، سیکرٹری عامر سعید راں ،نائب صدرراشد جاوید لودھی اور سیکرٹری فنانس محمد ظہیر بٹ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاناما لیکس کیس کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ بار نے پاکستان میں سب سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف صاحب سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جس پر ہم آج بھی قائم ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان بار کونسل کے اسلام آبا دمیں ہونے والے اجلاس سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے سخت تحفظات ہیں ۔ اس اجلاس میں کسی طورپاکستان بھر کے وکلاء کی نمائندگی نہ تھی۔ بلوچستان اورکے پی کے سے کوئی نمائندہ اجلاس میں شریک نہیں ہوا، حتیٰ کہ 10ممبران پاکستان بار کونسل میں سے 8نے وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ،تقریبا 70%بارز نے بھی وزیر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا مگر جو اعلامیہ جاری کیا گیا اس میں بالکل جانبداری کرتے ہوئے حکومتی وکلاء کے ایماء پر نہ صرف پاکستان بار کونسل اپنے مطالبہ سے ہٹ گئی بلکہ وکلاء کاز کو برباد کرتے ہوئے حکومت کی حمایت کی ۔ہم لاہور ہائیکورٹ باراپنے 20اپریل2017ء کے ہنگامی پریس کانفرنس کے اعلامیہ جس میں ہم نے وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کا کہا تھا اس پر آج بھی قائم ہیں اور ہم دوبارہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر اعظم ان حالات میں مستعفی ہوں ،انہوں نے کہا کہ ہم اپنے آل پاکستان نمائندہ کنونشن 20مئی 2017ء کوہر صورت منعقد کریں گے۔