پشاور:’’ڈیجیٹل یوتھ سمٹ‘‘ میں عمران کی موجودگی میں’’رو عمران رو‘‘ کے نعرے

پشاور:’’ڈیجیٹل یوتھ سمٹ‘‘ میں عمران کی موجودگی میں’’رو عمران رو‘‘ کے ...

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف حکومت کے خلاف چلائی جانے والی تحریک میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف گذشتہ چار سالوں سے منعقد ہونے والے جلسوں میں ’’گو نواز گو ‘‘ کے نعرے بڑے زور و شور سے لگا رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے رد عمل میں مسلم لیگ نون نے بھی ’’رو عمران رو ‘‘ کا نعرہ متعارف کروایا اور لیگی ورکرز بھی اس نعرے کو گلی کوچوں میں بلند کرتے نظر آتے ہیں ،لیکن آج پشاور میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی موجودگی میں نوجوانوں نے ’’رو عمران رو ‘‘ کے نعرے بلند کر کے ’’ کپتان ‘‘کو حیران کر دیا ،نعروں کے شور میں عمران خان نے اپنے دونوں ہاتھ کانوں پر رکھ لئے مگر انتظامیہ کی تمام تر کوششوں کے باوجود ’’رو عمران رو ‘‘ کے فلک شگاف نعروں کی صدا بند نہ ہو سکی۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق پشاور میں منقعدہ ’’ڈیجیٹل یوتھ سمٹ ‘‘ کی تقریب میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی موجودگی میں تقریب میں شامل ہونے والے نوجوانوں کے ایک گروپ نے گو نواز گو کے نعرے لگائے تو وہاں موجود طلبا کے ایک دوسرے گروپ نے ’’رو عمران رو ‘‘ کے نعرے لگانے شروع کر دیئے ،جس پر دونوں گروپوں میں ان نعروں کا ’’مقابلہ ‘‘ شروع ہو گیا اور کان پڑی آواز بھی سنائی نہ دی ،اس موقع پر تقریب کے منتظمین نے کافی کوشش کی کہ ’’نعرے بازی کا یہ مقابلہ ‘‘ بند ہو لیکن انہیں اس میں کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔رو عمران رو کے نعروں کے شور میں تحریک انصاف کے چیئرمین نعرے لگانے والے نوجوانوں کی طرف منہ کر کے کھڑے ہوئے تو ان نعرے لگانے والے نوجوانوں نے اپنے نعروں کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا جس پر عمران خان کانوں پر ہاتھ رکھتے ہوئے اپنی سیٹ پر بیٹھ گئے اور ’’رو عمران رو ‘‘ کے نعرے سنتے رہے ۔بعد ازاں جب ان نعروں کی گونج تھمی تو تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا اور عمران خان نے اس تقریب سے خطاب بھی کیا۔واضح رہے کہ اس تقریب میں میڈیا کو ہال میں جانے کی اجازت نہ ملنے پر صحافیوں نے بھی شدید احتجاج کرتے ہوئے تقریب کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔

مزید : علاقائی


loading...