مریم نواز کی سرکاری امور میں مداخلت‘ تحریک انصاف نے وضاحت طلب کرلی

مریم نواز کی سرکاری امور میں مداخلت‘ تحریک انصاف نے وضاحت طلب کرلی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے این این) تحریک انصاف نے سرکاری امور میں وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو خط لکھ کر وضاحت طلب کرلی۔ پی ٹی آئی کے رہنماء عندلیب عباس نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو خط لکھ کر مریم نواز کے سرکاری دفتر اور قومی دولت کے استعمال کی وضاحت مانگی۔خط میں مریم نواز کی امور مملکت میں مداخلت اور قومی دولت کے استعمال کو واضح کرپشن اور لاقانونیت قرار دیا گیا ہے۔ مریم نواز کے پاس نہ تو کوئی سرکاری عہدہ ہے اور نہ ہی وہ منتخب رکن اسمبلی ہیں۔ مریم نواز کس حیثیت میں قومی اور سرکاری معاملات میں مداخلت کرتی ہیں؟ سجن جندال کے دورہ پاکستان کا تذکرہ کرتے ہوئے اس حوالے سے بھی وضاحت مانگی کہ مریم نواز نے قومی سلامتی کے معاملات میں کیوں سرکاری موقف پیش کیا؟ انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ سجن جندال کا دورہ نجی نہیں تھا بلکہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کا پیغام لے کر آئے تھے۔ مریم نواز 90 سے زائد لوگوں پر مشتمل میڈیا سیل کیوں چلا رہی ہیں، میڈیا سیل کے اخراجات وزارت اطلاعات کیوں ادا کر رہی ہے؟ مریم نواز وزیراعظم ہاؤس میں غیرملکی سفیروں اور مندوبین سے ملاقاتیں اور ان کی تواضع کیوں کرتی ہیں؟ پرنسپل سیکریٹری کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ وہ 21دن کے اندر تمام سوالات کی پوری وضاحت پیش کریں۔

مزید :

علاقائی -