دنیا سے تعصب اور پر تشدد انتہا پسندی کے خاتمہ کے لئے تعلیم کی سافٹ پاور کی ضرورت ہے، سربراہ یونیسکو

دنیا سے تعصب اور پر تشدد انتہا پسندی کے خاتمہ کے لئے تعلیم کی سافٹ پاور کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اقوام متحدہ(اے پی پی) دنیا سے تعصب اور پر تشدد انتہا پسندی کے خاتمہ کے لئے تعلیم کی سافٹ پاور کی ضرورت ہے۔ یہ بات تعلیمی ‘ سائنس اور ثقافتی ادارہ )یونیسکو) کی سربراہ آئیرینا بوکووا نے عالمی فورم سے خطاب میں کہی جس میں دنیا بھر سے 500 سے زیادہ مندوبین شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہارڈ پاور (فوجی طاقت نسلی امتیاز اور قدیم تعصب جیسے جذبات اور جنگوں کو روکنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے لہذا اب ہمیں اچھی مثبت اور مشترکہ اقدار کے فروغ اور استحکام کے لئے تعلیم ‘ ثقافت ‘ ابلاغ اور سائنس جیسی سافٹ پاور کو استعمال میں لانا ہوگا۔ فورم کا اہتمام آذر بائیجان کے دارالحکومت باکو میں کیا گیا تھا اور اس کا عنوان ’’بین الثقافتی مکالمے کا فروغ ‘ سلامتی ‘ امن اور پائیدار ترقی کے نئے مواقع تھا۔ آئیرینا بوکووا نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں جاری جنگیں ممالک کی تباہی کی باعث ہیں اور ان جنگوں میں عام شہری سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ۔ پرتشدد انتہا پسندی اور دوسری ثقافتوں بارے عدم برداشت اور نسلی امتیاز جیسے جذبے فروغ پا رہے ہیں ۔ مساجد گرجا گھروں اور دیگر مذاہب کی عبادب گاہوں پر حملے ہو رہے ہیں اور ثقافتی تنوع کو خطرات لاحق ہیں۔
تعلیم کے فروغ کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے اور بچوں کو تعلیم سے محروم رہنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ اظہار رائے کی آزادی کو خطرات لاحق ہیں اور صحافیوں پر حملے ہو رہے ہیں ایک معاشرے کے افراد دوسرے معاشروں سے تعلق رکھنے والوں کو تعصب کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں اس صورتحال میں تعلیم کے ذریعے بنیادی انسانی حقوق اور دوسروں کے احترام جیسے اقدار کا فروغ ضروری ہے اور اس مقصد کے لئے (فوجی) طاقت ناکافی ہے ہمیں اس مقصد کے لئے سافٹ پاور کو استعمال میں لانا ہوگا۔ اس موقع پر تہذیبوں کے درمیان اتحاد کے لئے اقوام متحدہ کے اعلیٰ مندوب ناصر عبدالعزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کو درپیش موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے فوجی کارروائیاں اور سیکورٹی اقدامات کافی نہیں اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہمیں صرف زبانی نہیں عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

مزید :

عالمی منظر -