گورنس سسٹم تباہ ہوچکا ، ہر ادارے میں ایک نجم سیٹھی بیٹھا ہے ملک کیسے ترقی کریگا ، عمران خان

گورنس سسٹم تباہ ہوچکا ، ہر ادارے میں ایک نجم سیٹھی بیٹھا ہے ملک کیسے ترقی ...

پشاور (آئی این پی ،اے این این) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا گورننس سسٹم تباہ ہوگیاہے، پی آئی اے اور اسٹیل ملز میں نجم سیٹھی جیسے لوگ بیٹھے ہیں ،چین نے 25 سال میں پچاس کروڑ لوگوں کو غربت سے نکال لیا، ہمیں یہ سیکھنا ہو گا ،اپنی ذات کے حوالے سے خواب دیکھنے والا کبھی ترقی نہیں کر سکتا ،اللہ انسان کو عزت دیتا ہے اور پیسوں سے عزت خریدی نہیں جا سکتی ، ،خیبرپختونخوا پاکستان کاسب سے زیادہ ترقی یافتہ صوبہ بننے جارہاہے۔پشاور میں یوتھ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ اسٹیل ملز پہلے آٹھ ارب منافع میں تھا اب تین ارب خسارے میں ہیں,ملک کے ادارے تباہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخواہ کامستقبل بہتری کی جانب گامزن ہے،خیبرپختونخوا پاکستان کاسب سے زیادہ ترقی یافتہ صوبہ بننے جارہاہے۔پہلے جو بھی انڈسٹری بنتی تھی این او سی وزیراعلیٰ دیتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اب صنعتوں کے لیے کسی بھی این او سی کی ضرورت نہیں ہے،آئی ٹی ہمارا مستقبل ہے،خواتین گھروں میں بیٹھ کر دنیا سے مقابلہ کرسکتی ہیں۔ عمران خان نے کہاکہ ایک وقت آئے گا ہم بھارت کے غریبوں کو زکوۃ بھیجیں گے،چین کے لوگ اردو سیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا چیلنج نوجوانوں کو روزگار دینا ہے، وزیر اعلی پرویز خٹک کی کوششوں سے اب صوبے میں سرمایہ کاری آ رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ چین نے 25 سالوں میں پچاس کروڑ لوگوں کو غربت سے نکال لیا، ہمیں یہ سیکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اللہ انسان کو عزت دیتا ہے اور پیسوں سے عزت خریدی نہیں جا سکتی زندگی میں وہی لوگ ترقی کرتے ہیں جن کے ارادے پختہ ہوں، انسانیت کیلئے کچھ کرجانے والے دنیا میں یاد رکھے جاتے ہیں، اپنی ذات کے حوالے سے خواب دیکھنے والا کبھی ترقی نہیں کر سکتا، دنیا میں بڑے بڑے امیروں اور بادشاہوں کو کوئی یاد نہیں رکھتا، ان لوگوں کو یاد رکھا جاتا ہے جو اپنی زندگی دوسروں کیلئے وقف کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا گورننس سسٹم تباہ ہوگیاہے،پاکستان اسٹیل پہلے 8 ارب روپیمنافع میں تھی لیکن اب پاکستان اسٹیل کو 3 ارب روپے خسارے کا سامنا ہے۔ ایک وقت ایسا تھا جب پی آئی اے دنیا کی 5 بہترین ہوائی کمپنیوں میں سے ایک تھی لیکن لگتا ہے وہاں بھی کوئی نجم سیٹھی جیسا شخص بیٹھا ہے، جب نجم سیٹھی جیسے لوگ اوپر بیٹھے ہوں تو ملک کیسے ترقی کرے گا۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ اگلی مرتبہ ڈجیٹل یوتھ سمٹ ارباب نیاز سٹیڈیم میں کروایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو شرکت کا موقع مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کبھی تو بھارت، ایران اور افغانستان سے معاملات ٹھیک ہوں گے، ہمسایہ ممالک سے تعلقات بہتر ہونے پر سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...