بھارت نے پاکستانیوں کیلئے میڈیکل ویزوں پر پابندی لگا دی
نئی دہلی/ اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) مودی سرکارنے انسانیت کی تذلیل کی تمام حدیں پھلانگ دیں، پاکستانی مریضوں کو بھارت کا ویزہ دینے پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کردی ،ہزاروں مریض ہر لمحہ موت کی جانب بڑھنے لگے،پاکستان نے بھارتی سفارتکار کو دفترخارجہ بلا کر تشویش کا اظہار کیا،تاہم بھارتی ہائی کمیشن سے رابطہ کرنے پر کوئی تسلی بخش جواب سامنے نہ آیا۔ میڈیا کے مطابق بھارت پاکستان دشمنی میں تمام حدیں پار کرگیاہے اور اس نے پاکستانیوں کیلئے میڈیکل ویزا کا حصول ناممکن بنا دیاہے،دو ماہ سے کسی مریض کو علاج کیلئے بھارت کا ویزا جاری نہیں کیا گیا۔ بھارتکی مودی سرکار کی پاکستانی مریضوں کو ویزہ دینے پر غیر اعلانیہ پابندی کے باعث ہزاروں پاکستانی مریض متاثر ہورہے ہیں ، گزشتہ دو ماہ سے پاکستانی مریضوں کو علاج کیلئے بھارتی ویزہ جاری نہ ہونے سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہونے سمیت متعدد موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں ،پاکستان سے ہر سال دل،جگر اور گردے کے ہزاروں مریض علاج کی غرض سے بھارت جاتے ہیں،متاثرہ افراد نے دفتر خارجہ کو دہائی دی جس پر پاکستان نے اس انسانیت دشمن فعل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی سفارتکار کو دفترخارجہ بلا کر تشویش کا اظہار کیا ،تاہم بھارتی ہائی کمیشن سے رابطہ کرنے پر کوئی تسلی بخش جواب سامنے نہ آیاہے ۔دریں اثناء نجی ٹی وی سے اس ضمن میں گفتگو میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا پاکستانی علاج کیلئے مفت نہیں جاتے بھارت اس سے کماتا ہے‘ بھارت اس طرح کے اقدام کرکے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے،تاہم مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور بھارت میں اقلیتوں کیساتھ جو سلوک ہورہا ہے دنیا بھر کے اخبارات کی سرخیاں بن رہی ہیں جن سے بھارت ایسے اقدام کر کے ان معاملات پر سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔واضح رہے روراں ہفتے ہی بھارت مطالعاتی دورے پر جانیوالے پاکستانی طلبہ کو بھی زبردستی واپس بھیج دیا گیا تھا۔
ویزہ پابندی