اسمٰعیل حانیہ حماس کے نئے سربراہ منتخب کر لئے گئے خالد مشعل دو مدتوں کی حد پوری کر چکے ہیں

اسمٰعیل حانیہ حماس کے نئے سربراہ منتخب کر لئے گئے خالد مشعل دو مدتوں کی حد ...

غزہ ( نیٹ نیوز)حماس نے اعلان کیا ہے کہ اسمٰعیل حانیہ کو تنظیم کا نیا سربراہ منتخب کیا گیا ہے۔ان کے پیشرو خالد مشعل دو مدتوں کی حد پوری کر چکے ہیں۔حماس کے سابق سربراہ نے قطر میں رہائش اختیار کر رکھی تھی ان کے برعکس نو منتخب سربراہ غزہ میں رہائش پزیر ہیں جہاں حماس 2007 سے حکومت کر رہی ہے۔54 سال کے اسمٰعیل حانیہ کو حقیقت پسند سمجھا جاتا ہے اور خیال ہے کہ وہ عالمی سطح پر تنہا گروہ کو مرکزی دھارے میں لانے کی کوشش کریں گے۔اس ہفتے حماس کی جانب سے نئی پالیسی کا اعلان کیا گیا جسے حماس کے نظریے میں نرمی لانے کی کوشش قرار دیا گیا۔حماس کے ترجمان فوزی برحوم نے ہفتے کو اس بات کی تصدیق کی کہ اسمٰعیل حانیہ کو تنظیم کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔حماس کو یا تو مکمل طور پر یا اس کے عسکری دھڑے کو اسرائیل، امریکہ، یورپی یونین، برطانیہ اور دوسری طاقتوں کی جانب سے دہشت گرد تنظیم قرار دیا جاتا ہے۔اس ہفتے حماس نے اپنے قیام کے وقت شائع ہونے والے چارٹر کے بعد پہلی بار نئی پالیسی کا اعلان کیا جس میں پہلی بار تنظیم نے 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق عبوری فلسطینی ریاست کے قیام کو تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر کی مگر اسرائیل کی ریاست کو قبول نہیں کیا۔اسمٰعیل حانیہ غزہ کے مغرب میں مہاجرین کے کیمپ شاطی میں پیدا ہوئے۔ گو کہ انہیں حماس کے روحانی لیڈر مرحوم شیخ احمد یاسین کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے انہیں پزیرائی تب حاصل ہوئی جب انہوں نے فلسطینی قانون ساز انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور جنوری 2006 میں وہ وزیر اعظم بنے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...