سرکاری اداروں میں اصلاحات ہماری حکومت کی پہلی ترجیح ہے:عاطف خان

سرکاری اداروں میں اصلاحات ہماری حکومت کی پہلی ترجیح ہے:عاطف خان

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے یقین دلایا ہے کہ اساتذہ کے جائز مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاہم اساتذہ کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنے فرائض پوری دیانتداری سے انجام دیں اور سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم غریب عوام کے بچوں کی تعلیم وتربیت ایسے انداز سے کریں کہ وہ بھی مقابلے کی دوڑ میں ایلیٹ اداروں کے بچوں سے مسابقت کرسکیں ۔۔وہ اپنی اقامتگا ہ پر انصاف ٹیچرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر سراج الدین سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے صوبائی وزیر تعلیم سے ملاقات کی اور ان سے اساتذہ کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔عاطف خان نے کہا کہ حکومت اساتذہ کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے اور بین الاقوامی اداروں کے ذریعے اساتذہ کو تربیت دینے کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ موجودہ حکومت ہی کے دور میں اساتذہ کی اپ گریڈیشن اور ان کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے بھی سب سے زیادہ کام ہوا ہے ۔وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ قابل احترام اور ذمہ دار طبقہ ہے اور اُن کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیئے جس سے ان کی قدر ومنزلت متاثر ہو اور عوامی سطح پر ان کے بارے میں منفی تاثر قائم ہو ۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے جہاں ناقص کارکردگی پر سزا کا نظام متعارف کرایا ہے وہاں اچھی کارکردگی پر تدریسی عملے کی توصیف اور ان کو انعامات دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے اور جزا و سزا کے اس عمل سے محکمہ تعلیم کی کارکردگی میں نمایا ں بہتری دیکھنے میں آئی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں اصلاحات ہماری حکومت کی پہلی ترجیح ہے اور اداروں کے ملازمین تبدیلی کے اس مثبت عمل میں روکاوٹیں ڈالنے کی بجائے اس میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ غریب عوام کے مسائل حل ہوں جو ہر سال ٹیکسوں کی مد میں حکومت کو اربوں روپے دیتے ہیں اور ان ٹیکسوں سے ہی اساتذہ اور دیگر ملازمین کی تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں ۔محمد عاطف خان نے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اقدامات اور اساتذہ کی محنت کی بدولت سرکاری سکولوں پر عوام کا اعتماد بحال ہورہا ہے اور ہمیں ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنا ہوگا جس سے عوامی رائے ایک بار پھر منفی سورت اختیار کرلے ۔وزیر تعلیم نے اساتذہ رہنما کو یقین دلایا کہ حکومت اساتذہ کے جائز مطالبات ضرور پوری کرے گی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...