پاکستان پڑوسی ممالک بالخصوص افغانستان سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے:اقبال ظفر جھگڑا

پاکستان پڑوسی ممالک بالخصوص افغانستان سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے:اقبال ظفر ...

چارسدہ (بیورو رپورٹ) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ فاٹا کو مرحلہ وار خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائیگا۔ فاٹا ادغام کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کئے جا رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور ان کا خاندان جے آئی ٹی کے سامنے ضرور پیش ہو نگے ۔ پاکستان تمام پڑوسیوں بالحصوص افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہیں۔ وہ سابق صوبائی وزیر تعلیم محمد ہاشم خان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا نام شامل نہیں تھا مگر وزیر اعظم نے شکوک و شبہات ختم کرنے کیلئے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس فیصلے میں سپریم کورٹ کے کسی جج نے وزیر اعظم کو بد عنوان قرار دیا اور نہ کسی جج نے وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کا کہا ہے ۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق وزیر اعظم اور ان کا خاندان جے آئی ٹی کے سامنے ضرور پیش ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا کو مرحلہ وار خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائیگا مگر ادغام سے پہلے اس حوالے سے قانون سازی اور دیگر انتظامات بھی کرنے ہونگے ۔ پاک افغان کشیدگی کے حوالے سے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ممالک بالحصوص افغانستان سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور اس حوالے سے پاکستان نے ہمیشہ پہل کی مگر بد قسمتی سے دوسری طرف سے سر د مہری دکھائی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں کشیدہ صورتحال کے باوجود وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے دونوں اطراف کے عوام کو در پیش مشکلات کے پیش نظر افغان سرحد دوبارہ کھولنے کا حکم دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاٹا ادغام کا فیصلہ فاٹا ریفارم کمیٹی کے سفارشات اور فاٹا کے عوام کے خواہشات کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے فاٹا ادغا م کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کر رہے ہیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...