پاک افغان حالات کی نزاکت اور عالمی سازشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوش کے ناخن لیں:سکندر حیات

پاک افغان حالات کی نزاکت اور عالمی سازشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوش کے ناخن ...

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آب پاشی وسماجی بہبودسکندرحیات خان شیرپاؤ نے پاک افغان بارڈر پر کشیدہ صورت حال کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے حکومتوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ حالات کے نزاکت اور عالمی سازشوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہوش کے ناخن لے اور جلد ازجلد اپنے تعلقات کو معمول پر لائیں ورنہ پختون قوم مزید مشکلات سے دور چار ہوجائے گی۔ انہوں نے تمام سیاسی قوتوں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اس سلسلے میں اپنامثبت کردار ادا کرے اور پختون قوم کو مزید تباہی سے بچائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیرڑہ تحصیل پڑانگ غار مہمند ایجنسی میں ایک شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ پختونوں کے وسائل کو لوٹنے کے لئے مختلف سازشیں ہورہی ہیں جس کا مقصد پختون قوم کو جنگ وجدل میں مبتلا کرکے انہیں پسماند ہ رکھنا ہے جس کے خلاف قومی وطن پارٹی تمام پختونوں کو بیدار کررہی ہے تاکہ پرسکون ماحول کے قیام سمیت ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔سینئر وزیر نے کہا کہ فاٹا کو خیبر پختونخواہ کا حصہ بنانے کی جدوجہد کو سبوتاژ کرنے کے عرض سے مختلف طریقوں پر اس خطے میں شورش پیدا کیا جارہا ہے جس کی خلاف پختون قوم کو صبر اور استقامت سے جدوجہد کرنا ہوگا۔ اس موقع پر علاقے کے معززین ملک خان زرین، مہربان شاہ، ملک حضرت محمد ، شمس الرحمن، حاجی احسان اللہ اور شیر بہادر نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔سینئر صوبائی وزیر نے علاقے کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے خادی کلے خوڑ پر حفاظتی پشتوں کی تعمیر،کازوے کی تعمیر ،واٹرسپلائی سکیم اور سکول کے قیام کا اعلان کیا جبکہ علاقہ کے عمایدین نے صوبائی وزیر کا پرجوش استقبال کیا ۔پارٹی میں نئے شامل ہونے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل اورحقوق کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور جس طرح ماضی میں ان علاقوں کو سہولیات پہنچائے گئے ہیں اسی طرح مستقبل میں بھی کردار ادا کرنگے اور پختونوں کے وسائل پر ان کے حق منوانے کے لئے ہر فورم پر مشترکہ جدوجہد جاری رکھاجائے گا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...