پاک افغان حکومتیں تنازعات مذاکرات سے حل کریں:اسفندیار ولی

پاک افغان حکومتیں تنازعات مذاکرات سے حل کریں:اسفندیار ولی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہاہے پاک افغان حکومتوں کو اپنے تمام ترمسائل و تنازعات باہمی مذاکرات سے حل کرنے چاہئیں اور دہشت گردوں کو اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں دیناچاہئے۔چمن میں پیش آنیوا لے واقعہ اور انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے انکا کہنا تھا اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے دونوں ممالک کوباہم مل بیٹھ کرپرامن حل اور راستہ نکالنا ہوگا۔ بارڈر کی بندش سے نہ صرف پاک افغان تعلقات متاثر ہوں گے بلکہ دونوں جانب کے پختو ن تاجروں کو سخت مشکلات و نقصان بھی پہنچ رہاہے، دونوں ممالک کا امن ایک دوسرے کیساتھ جڑا ہوا ہے، گریٹ گیم کے نتیجے میں سب سے زیادہ نقصان دونوں جانب کے پختونوں کا ہوا اور اب بھی پختون خطے کو تختہ مشق بنایا جارہا ہے۔ دونوں ممالک میں امن کاقیام اے ا ین پی کوباچاخان کی میراث میں ملا ہے اور اس ضمن میں اے این پی کی پالیسی واضح ہے۔ پاکستان کی حالیہ پارلیمانی کوششیں قابل تعریف ہیں اور اس عمل کوجاری رکھنا چاہیے کیونکہ دونوں ممالک کے عوام امن چاہتے ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کو جنگ وجدل کی پالیسی سے بچانا وقت کا تقاضا ہے، پختون گزشتہ چار عشروں سے بدامنی و دہشت گردی کا شکار ہیں لہٰذا دونوں ممالک کوجاری کشیدگی کا مکمل خاتمہ اور برادر ہمسایہ ممالک کی طرح تعلقات بحال کرنا ہونگے ۔