کراچی ،مسلم لیگ(ن)کا وزیراعظم سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ

کراچی ،مسلم لیگ(ن)کا وزیراعظم سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن کے تحت وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔اس ضمن میں ہفتہ کو نمائش چورنگی پرمسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن کے نائب صدر صابر قریشی کی قیادت میں ایک بڑا مظاہرہ کیاگیا جس میں پارٹی کارکنوں ،ہمدردوں اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مسلم لیگی متوالوں نے اس موقع پر قائد مسلم لیگ (ن)میاں نواز شریف کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ۔مظاہرے میں مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا اور سیکرٹری جنرل خواجہ طارق نذیر نے خصوصی شرکت کی ۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا نے کہا کہ میاں نواز شریف اس وقت ملک میں یکجہتی کی علامت ہیں ۔ملک کے چاروں صوبوں ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کا اگر کوئی متفقہ قائد ہے تو وہ میاں نواز شریف ہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے جس وقت اقتدار سنبھالا اس وقت ملک کو دہشت گردی کے عفریت نے گھیر رکھا تھا ۔کراچی ،بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گرددندناتے پھررہے تھے ۔میاں نواز شریف نے اپنی ولولہ انگیز قیادت سے قوم کو ایک نیا حوصلہ دیا اور دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوگئے ۔مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے باعث آج خیبرپختونخوا سے لیکر کراچی تک عوام خود کو محفوظ سمجھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں بجلی کی 18,18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول بن گئی تھی ۔ملک کو اندھیروں سے نکالنا میاں نواز شریف کی پہلی ترجیح ہے اور آج لوڈشیڈنگ کے دورانیہ انتہائی کم ہوگیا ہے اور انشاء اللہ 2018میں ملک بھر سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا ۔اس موقع پر خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ مخالفین کے پاس جھوٹے قصے کہانیوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے ۔وہ اپنے جھوٹ کے ذریعہ عوام کا اعتماد کھورہے ہیں ۔ میاں نواز شریف ملک بھر میں میگاپراجیکٹس کا افتتاح کرتے رہیں گے ۔عوام کو نظر آرہا ہے کہ کون ان کے ساتھ مخلص ہے اور کون اپنی سیاسی شعبدہ بازیوں کے ذریعہ انہیں بے وقوف بنانے کی کوشش کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کا اصل ایجنڈا میاں نواز شریف کو نہیں بلکہ ملک کو نقصان پہنچانا ہے ۔وہ ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام ان کی سازشوں کو بخوبی سمجھ چکے ہیں اور 2018کے انتخابات میں ان کو منہ کی کھانی پڑے گی ۔مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن کے نائب صدر صابر قریشی نے کہا کہ مخالفین کو تو اب سپریم کورٹ نے بھی جھوٹا قرار دے دیا ہے ۔نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والے اپنی اوقات میں رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی کارکن اپنے قائد سے والہانہ محبت کرتے ہیں ۔میاں نواز شریف نے حالیہ چند دنوں میں ملک کے مختلف شہروں میں اہم ترقیاتی منصوبوں کو افتتاح کیا ہے ۔سی پیک منصوبہ قوم کے لیے وزیراعظم کا ایک عظیم تحفہ ہے جس کے ثمرات آنے والی نسلوں کو ملتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ 2018کے انتخابات کا انتظار کریں انہیں جلد عوام کی عدالت سے اپنی حیثیت کا علم ہوجائے گا ۔مظاہرے کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیاگیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...