سندھ میں صرف آصف زرداری کے ساتھی محفوظ ہیں ،بابوسرفرازجتوئی

سندھ میں صرف آصف زرداری کے ساتھی محفوظ ہیں ،بابوسرفرازجتوئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی اور سیکرٹری جنرل سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ صوبے میں حکومتی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے بدامنی میں اضافہ ہواہے ۔سندھ میں صرف آصف علی زرداری کے ساتھی محفوظ ہیں ۔ان لوگوں نے بے نظیر پارک کو بھی نہیں چھوڑا اوراس پر قبضہ کرلیا ہے ۔زرداری ٹولے نے سندھ کے لوگوں کا وہ حشر کیا ہے جو آمروں کے دور میں بھی نہیں ہوا تھا ۔2018کے انتخابات کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس میں مسلم لیگی وزیراعلیٰ بیٹھے گا ۔خورشید شاہ سندھ کی لوٹی ہوئی دولت باہر سے واپس لانے کیلئے آواز اٹھائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں پاکستان پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں کی مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔بابو سرفراز جتوئی نے کہا کہ لوگ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر مسلم لیگ میں شامل ہورہے ہیں ۔آئندہ چند دنوں میں مسلم لیگ( ن) سندھ کی مضبوط جماعت بن کر سامنے آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں جس کے باعث صوبے میں بدامنی عروج پر ہے ۔جیکب آباد سے دو اقلیتی برداری کے افراد اغوا ہوگئے ہیں جن کا کوئی پتہ نہیں ۔2018سندھ میں مسلم لیگ (ن)کا سال ثابت ہوگا ۔اس موقع پر سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ سندھ میں حکومت کی کوئی رٹ نہیں رہی ہے ۔صوبے میں امتحانات کے دوران کاپی کلچر عروج پر ہے۔ وڈیروں کے بیٹے تھانوں میں جاکر پولیس افسران کو ہراساں کررہے ہیں ۔جس صوبے کی تعلیم محفوظ نہیں ہے وہ صوبہ کیسے محفوظ ہوسکتاہے ۔انہوں نے کہا کہ خورشیدشاہ کو صوبے کے حالات کا علم نہیں ہے ۔وہ سندھ کا دورہ کرکے دیکھیں یہاں عوام غیر محفوظ ہوچکے ہیں ۔یہاں پر صرف آصف علی زرداری اور ان کے ساتھی محفوظ ہیں ۔سندھ کی 11شوگر ملوں کا قبضہ زرداری سے چھڑوایا جائے ۔سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ یہاں فیکٹریاں بنائی جارہی ہیں ۔زرداری ٹولے نے بے نظیر پارک کو بھی نہیں چھوڑا اور اس پر قبضہ کرلیا ہے ۔سندھ کے عوام پیپلزپارٹی سے عاجز آچکے ہیں اور ان سے نجات چاہتے ہیں ۔مختلف سیاسی جماعتوں کی مسلم لیگ (ن)میں شمولیت سندھ کے عوام کی وزیراعظم میاں نواز شریف سے والہانہ محبت کا مظہر ہے ۔2018کے انتخابات کے بعد سندھ کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) کا وزیراعلیٰ بیٹھے گا ۔انہوں نے کہا کہ نثار کھوڑو اس وقت صوبے کے مختلف شہروں میں جاکر بلاوجہ کے دھرنے دے رہے ہیں ۔نثار کھوڑو کو دھرنے دینے کا اتنا ہی شوق ہے تو وہ کاپی کلچر ،رشوت خوری اور نوکریاں بیچنے والوں کے خلاف دھرنا دیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...