نواز شریف آج جیل منتقل ہو جائینگے، کارکنوں کو کوٹ لکھپت پہنچنے کا حکم

نواز شریف آج جیل منتقل ہو جائینگے، کارکنوں کو کوٹ لکھپت پہنچنے کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر،آن لائن،این این آئی)مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر کہاہے کہ ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ پر قائم ہوں،میرے حوصلے بلند ہیں اور یہ مشکل وقت بھی ٹل جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جاتی امراء میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما آصف کرمانی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ ہم پر جو آزمائش ہے اس پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے حوصلے بلند ہیں اور یہ مشکل وقت بھی ٹل جائے گا۔دوسری جانب مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے تویٹر پیغام میں پارٹی کارکنوں کو قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل پہنچنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی ضمانت مدت آج (منگل کو) ختم ہو جائے گی۔ اس لئے تمام کارکنان اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل پہنچیں۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کے نائب صدر رانا مشہود احمد خان نے جاتی امراء کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف افطاری کے بعد جیل جانے کیلئے نکلیں گے، لیگی کارکنوں کا ٹھاٹھے مارتا سمندر سڑکوں پر نظر آئے گا،اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف مقامات پر استقبالی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔رانا مشہود احمد نے کہا کہ نوازشریف عوام کے لیڈر ہیں ان کیخلاف دن رات عدالتیں لگا کر کارروائی کی گئی مگر ہمارے قائد نے اس کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کا دل پاکستانی عوام کے ساتھ دھڑکتاہے لیکن بیماری کے باعث بیرون ملک ہیں،ڈاکٹروں نے انہیں کو آرام کا مشورہ دیاہے۔شہبازشریف کا آئندہ چند روز تک طبی معائنہ ہوگا جو مکمل ہونے کے بعد وہ ہفتے ڈیڑھ ہفتے میں وطن واپس آ جائیں گے۔ذرائع کے مطابقمیاں نواز شریف کا گزشتہ روزجاتی امراء رائے ونڈ میں طبی معائنہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شریف میڈیکل کی ٹیم جاتی امراء رائیونڈ پہنچی جہاں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق کوٹ لکھپت جیل کی انتظامیہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے کمرے کی صفائی کا کام مکمل کر لیا۔ جیل کے ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم کو دوران قید ایک چار پائی اور ایک بیڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ شدید گرمی کے باعث انہیں کمرے میں ائیر کولر کی سہولت فراہم کئے جانے کا بھی امکان ہے۔ تاہم اس کا حتمی فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی۔
 نواز شریف /جیل

مزید :

صفحہ اول -